نیویارک: سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک نے اشرف غنی کا اکاؤنٹ بھی معطل کردیا ہے جبکہ فیس بک ترجمان کا کہنا ہےکہ ہم نے طالبان کی جانب سے یا ان کی حمایت میں بنائے گئے تمام اکاؤنٹس کو بلاک کردیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک نے سابق افغان صدر اشرف غنی کا اکاؤنٹ بند کردیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ اشرف غنی کے چیف آفیسر ڈاکٹر فضل کا بھی فیس بک پر اکاؤنٹ معطل کردیا گیا ہے۔
یاد رہے اشرف غنی نے فیس بک پوسٹ کے ذریعے ہی طالبان کے کابل پر کنٹرول سنبھالنے کے بعد ملک چھوڑنے کی وجہ بتائی تھی، اشرف غنی نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا تھا کہ انہوں نے خونریزی سے بچنے کے لیے افغانستان چھوڑا ہے۔
دوسری جانب فیس بک نے اپنے تمام پلیٹ فارمز بشمول انسٹاگرام اور واٹس ایپ پر افغان طالبان اور ان کی حمایت سے متعلقہ تمام مواد پر پابندی عائد کردی ہے۔
فیس بک انتظامیہ نے بیان میں کہا ہےکہ امریکی قانون کے تحت طالبان ایک دہشتگرد تنظیم ہے اور ہم نے امریکہ کی خطرناک تنظیموں سے متعلق پالیسی کے پیش نظر طالبان کو اپنی خدمات کو فراہم کرنا بند کردیا ہے۔


