بھارت میں مقتول دوست کے خواب میں آکر سونے نہ دینے پر قاتل گرفتاری دینے تھانے پہنچ گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست مہاراشٹر کے شہر ڈومبویلی کے علاقے موتھا گاؤں میں 9 اکتوبر کو وشال کدم اور پربھو کارکاڈے نامی دو قریبی دوست اکٹھے بیٹھ کر شراب پی رہے تھے کہ معمولی بات پر جھگڑا ہوگیا جس پر طیش میں آکر پربھو نے وشال کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اس کی موت ہوگئی۔
ملزم نے اپنے مالک مکان سندیش مہاترے کی مدد سے لاش کو بوری میں بند کیا اور رات کے وقت نالے کے قریب ایک ویران مقام پر پھینک دیا۔
ملزم نے ابتدا میں شہر سے فرار ہونے کا منصوبہ بنایا تھا تاہم قتل کے بعد مسلسل 20 راتوں تک اسے مقتول دوست کے خواب آتے رہے اور وہ سو نہیں سکا۔
بالآخر ذہنی پریشانی اور پچھتاوے کے باعث اس نے تھانے پہنچ کر اپنے جرم کا اعتراف کرلیا، وہ تھانے میں اقبال جرم کرتے ہوئے پھوٹ پھوٹ کر رونے لگا تھا۔
پولیس نے مرکزی ملزم پربھو اور لاش ٹھکانے لگانے اور شواہد چھپانے میں مدد دینے والے مالک مکان کو بھی گرفتار کرلیا۔
ہولیس نے آج دونوں مزلمان کو عدالت میں پیش کرکے چار روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا ہے اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔