English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کار پر فائرنگ سے ایڈیشنل آئی جی موٹروے زخمی، بھائی جاں بحق

 راولپنڈی: فتح جنگ میں نامعلوم ملزمان نے ایڈیشنل آئی جی موٹروے کی گاڑی پر فائرنگ کردی نتیجے میں وہ زخمی جب کہ ان کے بھائی نعمان فضل جاں بحق ہوگئے۔

ترجمان پولیس کے مطابق ایڈیشنل آئی جی موٹر وے سجاد افضل آفریدی پر فائرنگ کا واقعہ فتح جنگ انٹرچینج پر پیش آیا جس میں وہ زخمی جب کہ ان کے بھائی جاں بحق ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ان پر ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ میں 6 مسلح افراد نے فائرنگ کی، سجاد افضل آفریدی سرکاری گاڑی میں اپنے بھائی کے ساتھ موجود تھے، واقعہ بظاہر پرانی دشمنی لگتا ہے۔

noman afzal afridinoman afzal afridi
پولیس آفیسر کے جاں بحق ہونے والے بھائی نعمان افضل آفریدی کی ایک تصویر

اس حوالے سے موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ ایڈیشنل آئی جی موٹروے ایم ون پر مشکوک گاڑی کا پیچھا کررہے تھے، حملہ آوروں نے ایڈیشنل آئی جی کی سرکاری گاڑی پر فائرنگ کردی نتیجے میں ایڈیشنل آئی جی پولیس کو 2 گولیاں لگی ہیں اور وہ شدید زخمی ہیں جنہیں پمز اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ ان کے بھائی جاں بحق ہوچکے ہیں۔

ملزمان کی گاڑی مل گئی، فرانزک شواہد جمع

ایس ایس پی آپریشن رائے مظہر نے کہا ہے کہ فائرنگ کرنے والے ملزمان فتح جنگ سے تھوڑا آگے گاڑی چھوڑ کر فرار ہوئے، علاقے کا سرچ آپریشن جاری ہے ناکہ بندی کر دی گئی ہے، ابھی تک کسی شخص کو حراست میں نہیں لیا گیاہے، جلد ملزمان کو ٹریس کرکے گرفتار کرلیں گے، ملزمان کی گاڑی کو قبضے میں لے کر فرانزک ٹیم کو بلالیا گیا ہے۔

فوٹیج منظر عام پر

ایڈیشنل آئی جی موٹروے حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی۔ سفید رنگ کی مشکوک گاڑی کا پیچھا کرتے ہوئے سرکاری گاڑی انٹرچینج پر رکی تو مشکوک گاڑی میں سوار ملزمان نے ایڈیشنل آئی جی کی گاڑی کے سامنے گاڑی روک کر اندھا دھند فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ راولپنڈی موٹروے پولیس کا عملہ انٹرچینج پر حملہ آوروں کی گاڑی روکنے میں ناکام رہا۔

دریں اثنا پمز اسپتال کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ ایڈیشنل آئی جی کا علاج جاری ہے ان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے