افغانستان میں حکومتی انتظامات چلانے والے طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے کارروائی کے دوران فرار ہونے والے سابق نائب صدر امراللہ صالح کے گھر سے امریکی ڈالرز اور سونا برآمد کرلیا۔
طالبان حکومت کے میڈیا اور کلچر کے چیف کے نام سے بنائے گئے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو جاری کی گئی، جس میں ارکان کو امریکی ڈالرز اور سونے کے پیکٹس کی گنتی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو کو ٹوئٹ کرتے ہوئے طالبان کی جانب سے پشتو زبان میں بتایا گیا کہ سابق نائب صدر امراللہ صالح کے گھر سے 65 لاکھ امریکی ڈالر اور سونے کے 18 پیکٹ ملے ہیں۔
ویڈیو میں طالبان ارکان کو مقامی زبان میں آپس میں بات کرتے ہوئے ڈالرز کی گڈیاں گنتی کے بعد انہیں واپس بیگز میں رکھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں ارکان کے ہاتھوں میں سونے کے پیکٹس کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
طالبان نے یہ واضح نہیں کیا کہ انہیں مذکورہ خزانہ امراللہ صالح کے کس گھر سے اور کہاں سے ملا؟
تاہم ویڈیو میں طالبان ارکان کو ایک گھر میں آرام سے ڈالرز اور سونے کی گنتی کے بعد انہیں ترتیب کے ساتھ بیگز میں رکھتے اور دولت کی موبائلز فونز پر ویڈیوز بناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
د امر الله صالې په کور کې شپږنیم میلیونه ډالر د سرو زرو له اتلس خښتو سره يوځای د اسلامي امارت د ځواکونو لاسته ولوېدل. pic.twitter.com/E5YinxvTe0
— Ahmadullah Muttaqi (@Ahmadmuttaqi01) September 13, 2021
