بدین (نمائندہ جسارت) مہنگائی، بیروز گاری ،سودی نظام،لاقانونیت ،دھان کی فروخت کے دوران ناجائز کٹوتی اور بدین ضلع کو ہارڈ ایریا میں شامل نہ کرنے کے خلاف جماعت اسلامی کی کال پرگولارچی ،بدین،ٹنڈوباگو، شادی لارج، تلہار، ماتلی ، و ضلع بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں اوراحتجاجی مظاہرے کیے گئے۔مرکزی ریلی کی قیادت جماعت اسلامی ضلع بدین کے امیر سیدعلی مردان شاہ نائب امرا الللہ بچائوہالیپوٹہ، غلام رسول احمدانی، عبدالکریم بلیدی ،عظیم احمد منصوری، محمد سلیم جونیجو، فتح خان، ایازلطیف سومرو اورپیر علی احمد شاہ ودیگر نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک کروڑ نوکریاں اور مکانات کا اعلان کرنے والوں نے عوام کو بھوک افلاس مہنگائی بیروزگاری بے امنی کے تحفے دیے اور لوگوں کو گھر دینے کے بجائے بے گھر کیا۔آئے روز پیٹرول و دیگر روزمرہ کی اشیا کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کرکے عوام پر مہنگائی کے بم گرائے جارہے ہیں۔ مہنگائی اور بیروزگاری کی وجہ سے روز خودکشیوں کے واقعات ہورہے ہیں۔تبدیلی کا نعرہ لگانے والے حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دہانے لاکھڑاکیا۔ملک میں تبدیلی نہیں بلکہ تباہی آئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بدین کے رائس مل مالکان دھان کی خرید کے دوران ناجائز کٹوتی اور قیمت خرید کم مقرر کرکے کاشتکاروں کا استحصال کررہے ہیں جبکہ مقامی حکومتی نمائندے خواب خرگوش کے مزے لوٹنے میں مصروف ہیں ہم ایسے ظلم و ناانصافی کے خلاف چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بدین بدترین قلت آب کا شکار ضلع ہے یہاں بیروزگاری عروج پر ہے یہاں کے نوجوانوں کو ملازمتیں دینے سے محروم کیا جارہا ہے حکومت سندھ بدین ضلع کو ہارڈ ایریا میں شامل کرکے نوجوانوں کو ملازمتوں کے مواقعے فراہم کرے۔
