English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

معاہدے پر 50 فیصد عملدرآمد ،ٹی ایل پی نے وزیرآباد دھرنا ختم کردیا

القمر

وزیر آباد (صباح نیوز) تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی)نے حکومت کی جانب سے پابندی ہٹانے کے بعد اپنے مطالبات کے لیے وزیرآباد میں جاری دھرنا ختم کرکے واپس مسجد رحمت اللعالمین جانے کا اعلان کردیا۔ ٹی ایل پی کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ معاہدے کے عین مطابق مفتی منیب الرحمن جیسے ہمارے بڑوں نے ضمانت دی ہے،50فیصد معاہدہ پورا ہونے پر وزیر آباد دھرنا واپس مسجد رحمت اللعالمین منتقل کر دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ٹی ایل پی اپنے معاہدے پر قائم ہے اور اب عرس امیرالمجاہدین کی تیاری کی جائے گی، جو 19 تا 21 نومبر مرکزٹی ایل پی مسجد رحمت اللعالمین میں ہوگا۔ ترجمان نے کہا کہ علامہ حافظ خادم حسین رضوی کے عرس پر علامہ سعد حسین رضوی ہمارے ساتھ ہوں گے۔سعد رضوی کی رہائی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ علامہ سعد حسین رضوی نے کہا ہے مجھے پوری زندگی قید میں رکھ لو لیکن فرانس کا مسئلہ حل کرو۔ ترجمان نے بتایا کہ ٹی ایل پی سے کالعدم ہٹ چکا، فورتھ شیڈول ختم اور فرانسیسی سفیر کی بیدخلی کے لیے کمیٹی کے قیام پر کام شروع ہو چکا ہے اور تمام ثبوت ہمارے پاس موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب حکومت کو چاہیے کے مقررہ مدت میں تحریک لبیک کے خون پر کیا گیا معاہدہ بھی مکمل کرے۔تحریک لبیک کی مجلس شوریٰ کے اراکین علامہ فاروق الحسن قادری، علامہ غلام غوث بغدادی اور انجینئر حفیظ اللہ علوی نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کارکنوں سے خطاب کے دوران کہا کہ حکومت کے ساتھ معاہدہ میں 70فی صدشرائط پر عمل درآمد ہو گیا اور قائد تحریک لبیک سعد رضوی کو جلد رہا کر دینے کی حکومتی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے جس کی بنا پر دھرنا ختم کیا جا رہا ہے۔ ٹی ایل پی کے کارکن گزشتہ 11 روز سے وزیر آباد میں دھرنا دیے موجود تھے۔ حکومت اور ٹی ایل پی کے درمیان مذاکرات کرنے والی ٹیم کے اہم رکن مفتی منیب الرحمن نے ٹی ایل پی کی جانب سے دھرنا ختم کرنے کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ سب کو معلوم ہوگیا کہ اہل دین اپنے قول و قرار کے پابند ہوتے ہیں ،ان کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کے نتائج ملک و ملت کے لیے مثبت ہوں گے، صلاح وفلاح اور خیر کا باعث ہوں گے۔مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ معاہدے سے متعلق جن امور پر عمل درآمدباقی ہے یا تعمیل وتکمیل کے مراحل میں ہیں، وہ تمام مراحل خیر و عافیت کے ساتھ انجام پذیر ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے