English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اقوام متحدہ کے پاکستان مشن کی صحافیوں پر پابندیاں

القمر

نیویارک ( آن لائن)اقوام متحدہ کے پاکستان مشن میں تعینات پریس قونصلر ڈاکٹر مریم شیخ نے پاکستانی امریکن میڈیا پر نئی پابندیاں عاید کرتے ہوئے انہیں 25 نومبر تک
نوٹس جاری کردیا ہے۔ پریس قونصلر نے ایک واٹس ایپ پیغام میں تمام میڈیا نمائندوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے تمام کوائف تعلیمی اسناد تجربے اور تحریروں اور وڈیوز کے تمام ثبوت بمع مکمل رہائشی پتوں کے ساتھ فراہم کریں اور اپنے اداروں کو بھیجی جانے والی تمام خبروں کا مواد بھی انہیں فراہم کیا جائے ۔اس سے قبل نیویارک میں متعین قونصل جنرل عائشہ علی قونصلیٹ کے دروازے پاکستانی مین اسٹریم میڈیا پر بند کرچکی ہیں اور میڈیا کو کسی بھی حکومتی پالیسی کے بارے معلومات فراہم کرنا بند کردی ہیں۔ حالیہ اعلیٰ حکومتی شخصیات کے دوروں میں بھی کئی عشروں سے کام کرنے والے سینئر صحافیوں کو ان سے دور رکھا گیا حتیٰ کہ نادرا کے چیئرمین طارق ملک کے نادرا کے نیویارک میں اہم آپریشن کو بھی میڈیا سے صحافیوں سے پوشیدہ رکھا گیا۔ اقوام متحدہ میں پاکستانی پریس قونصلر ڈاکٹر مریم شیخ سے جب نئی پابندیوں کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ یہ انکا ذاتی فیصلہ ہے۔ نیویارک میں کئی عشروں سے کام کرنے والے سینئر صحافیوں نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ نوکر شاہی کے آمرانہ اور غیر ذمے دارانہ اقدامات سے نہ صرف انکے فرائض منصبی کی ادائیگی میں روڑے اٹکائے جارہے ہیں بلکہ ایک منتخب عوامی مقبول جمہوری حکومت کے خلاف بھی جذبات ابھارنے اور بدگمانیاں فروغ دینے میں اپوزیشن کی پالیسیوں کو بڑھا رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے