English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

فائنل کھیلنے کیلیے پر عزم کھلاڑی کار کردگی دکھا رہے ہیں ، بابر اعظم

القمر

دبئی(نمائندہ خصوصی)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں جو کھلاڑی مانگے وہ ملے ، اب کھل کر فیصلے کررہا ہوں، ورلڈ کپ میں جیت کا تسلسل برقرار رکھیں گے ، سیمی فائنل میں ہر کھلاڑی سو فیصد دینے کی کوشش کرے گا ، حسن علی کو ڈراپ کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا، کارکردگی میں اتار چڑھائو آتے مگر وہ بڑے میچز کا کھلاڑی ہے، سیمی فائنل اور انشا اللہ فائنل میں بھی حسن علی سے توقعات وابستہ ہیں، ٹیم میں 11کے 11کھلاڑی پرفارم نہیں کرتے، جیت ٹیم ایفرٹ کی بدولت ہی ملتی ہے، اچھی بات ہے اگر ابتدائی بیٹرز جلد آئوٹ ہوجائیں تو مڈل آرڈر اسکور کررہا ہے، فخر زمان اپنے انداز میں کھیلتا اور جب اچھا دن ہوتا ہے میچ کا پانسہ پلٹ دیتا ہے۔منگل کودبئی میں ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ آسٹریلیا سے مقابلہ ٹورنامنٹ کا اہم میچ ہے، اس روز اچھی کرکٹ کھیلیں گے اور سیمی فائنل میں بھی مستقل مزاجی کو برقرار رکھیں گے۔ہر میچ میں تھوڑی بہت کمزوریاں نظر آئیں، کبھی بیٹنگ، کبھی بولنگ تو کبھی فیڈنگ میں خامیاں ہوئیں لیکن اچھی بات ہے کہ ہم ان خامیوں کو دور کررہے ہیں۔بابراعظم کا کہنا تھا کہ کورونا کی وجہ سے بائیو سکیور ببل ایک مشکل زندگی ہے، دو سے ڈھائی سال ببل میں رہ کر کرکٹ کھیلی، ببل کی وجہ سے اگر کوئی کھلاڑی پریشان ہوتا ہے تو مل کر اس کا حوصلہ بڑھاتے ہیں تاہم بائیو سکیور ببل میں بھی گروپ سرگرمیاں ہوتی رہتی ہیں۔قومی کپتان نے مزید کہا کہ ورلڈکپ میں جو کھلاڑی مانگے تھے وہ ملے جس کی وجہ سے کھل کر فیصلے کیے، 8سے 10کھلاڑی وہی ہیں جو چیمپئنز ٹرافی اسکواڈ کا حصہ تھے۔ٹیم کی کارکردگی سے متعلق بابر نے کہا کہ اچھی بات یہ ہے کہ ہر میچ میں نیا کھلاڑی مین آف دی میچ ہوتا ہے اور بحیثیت کپتان یہ میرے لیے اچھی بات ہے۔ کپتانی سے متعلق ان کا کہنا تھاکہ کپتانی کی ذمہ داری لی ، سب نے اعتماد دیا، اس وجہ سے فیصلے کرنے میں آسانی ہوئی، کپتانی سیکھ رہا ہوں اور یہ عمل جاری رہے گا،ورلڈ کپ سے قبل گزشتہ مقابلوں میں تجربہ حاصل کرنے کا بھی موقع ملا، ورلڈ کپ کے لیے کپتان کی حیثیت سے بہترین کمبی نیشن چاہتا تھا ، ٹیم مرضی کی بن گئی تو میدان کے اندر اور باہر جرات سے فیصلے کیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے