اسلام آباد(صباح نیوز+آن لائن ) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا) نے سی سی پی اے کی درخواست پر بجلی 2روپے 52پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔ نیپرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سینٹرل پاور پرچیز ایجنسی کی درخواست پر بجلی کی قیمت میں ستمبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 2روپے 52پیسے اضافہ کیا گیا ، بجلی کی قیمت میں اضافہ نومبر کے بلوں میں وصول کیا جائے گا۔نوٹیفکیشن کے مطابق اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک اور لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔دوسری جانب حکومت نے موسمِ سرما کے لیے بجلی سستی کرنے کے پیکج کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق رعایتی پیکج کا اطلاق یکم نومبر 2021ء سے 28 فروری 2022ء تک ہو گا ، نوٹیفکیشن کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت زیادہ بجلی کے استعمال پر ریٹ 12 روپے 96 پیسے فی یونٹ ہو گا جبکہ نئے بجلی کے صارفین کے لیے بھی زاید کھپت پر ریٹ 12 روپے96 پیسے ہی ہو گا نوٹیفکیشن کے مطابق گھریلو، کمرشل اور جنرل سروسز کے صارفین کے لیے بھی 12 روپے 96 پیسے فی یونٹ ریٹ ہی ہو گا،بجلی کے اضافی استعمال پر سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق نہیں ہو گا ،اضافی بجلی کے استعمال پر مثبت فیول ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق ہو گا ۔ حکومت کی جانب سے پیکج کا مقصد موسم سرما میں بجلی کا استعمال زیادہ کرنا ہے اور گیس کے استعمال کو کم کرنا ہے کیونکہ حکومت کو رواں برس بھی بدترین گیس کی کمی کا سامنا ہوگا اور اس حوالے سے انڈسٹریل سیکٹر پر بھی زور دیا جارہا ہے کہ وہ گیس کے بجائے بجلی استعمال کرے۔ واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے گزشتہ سال بھی یہی پیکج دیا گیا تھا اور اس کے مثبت اثرات بھی ملے، حکومت پرامید ہے کہ رواں برس کے پیکج سے ملک میں بجلی کا استعمال بڑھے گا اور گیس سیکٹر پر بوجھ کم ہوگا۔
