English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کملا ہیرس فرانس کے چار روزہ دورے پر، فرانس کے صدر سے اہم ملاقات

القمر

امریکی نائب صدر کملا ہیرس فرانس کے چار روزہ دورے پر پیرس پہنچ گئی ہیں، جہاں وہ فرانس کے صدر ایمونل میک خواں سے آب و ہوا کی تبدیلی، معیشت، صحت کے عالمی اور سپلائی چین کے مسائل پر تبادلہ خیال کریں گی۔

منگل کو انتظامیہ کے ایک اعلیٰ اہل کار نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ دو طرفہ ملاقات خاصی اہم ہے، کیونکہ امریکہ اور فرانس کے درمیان تعلقات عالمی نوعیت کے حامل ہیں، مزید یہ کہ فرانس اور دیگر یورپی اتحادی امریکہ کے مستقبل کے لیے کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔

میک خواں سے ملاقات کے علاوہ ہیرس اور ان کے شوہر ڈگ نے ایم ہوف میں جنگ بندی اور سابق امریکی فوجیوں کے یوم کے موقع پر بدھ کو پیرس کے مضافات میں واقع سویرنیس امریکی قبرستان میں جا کر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ جنگ بندی کا یہ دن پہلی جنگ عظیم کے خاتمے کے طور پر منایا جاتا ہے۔ یہ جگہ پہلی اور دوسری جنگ عظیم میں امریکی فوجیوں کی یاد میں بنائی گئی ہے اور اس قبرستان میں تقریباً ایک ہزار چھ سو امریکی فوجیوں کی باقیات دفن ہیں۔

ہیرس اور میک خواں جمعرات کو جنگ بندی کے سلسلے میں منائی جانے والی ایک خصوصی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔

فرانس امریکہ کا قدیم ترین اتحادی ہے اور امریکی نائب صدر کا یہ دورہ ایک اعتبار سے امریکہ اور فرانس کے بگڑتے ہوئے تعلقات کو بہتر بنانے کی تازہ کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

دونوں ملکوں کے تعلقات میں اس وقت دراڑ پڑی جب ستمبر میں آسٹریلیا نے فرانس سے روایتی آبدوزیں خریدنے کا معاہدہ ختم کر دیا اور اس کی بجائے اس نے امریکہ اور برطانیہ سے ایٹمی آبدوزیں خریدنے کا سودا کر لیا۔

پچھلے ماہ روم میں صدر بائیڈن نے کہا تھا کہ اس معاملے سے نمٹنے میں امریکہ نے غیر مصلحت اندیشی کا مظاہرہ کیا تھا۔

جمعرات کو نائب صدر ہیرس، پیرس پیس فورم میں بائیڈن انتظامیہ کی نمائندگی کریں گی اور جمعہ کو لیبیا کے بارے میں ایک سربراہی کانفرنس میں شرکت کریں گی، جہاں اگلے ماہ انتخاب ہونے والے ہیں۔

(اس خبر کا کچھ مواد اے پی اور رائٹرز سے لیا گیا ہے)

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے