دبئی (سید وزیر علی قادری): شائقین کرکٹ رضوان اور شعیب ملک کو میدان میں کھیلتا دیکھیں گے، پاکستان کرکٹ بورڈ کے میڈیکل پینل نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آج کھیلے جانے والے دوسرے سیمی فائنل کیلئے محمد رضوان اور شعیب ملک کو فٹ قرار دے دیا ہے۔
گزشتہ روز رضوان اور شعیب ملک کے بخار میں مبتلا ہونے کی خبر سامنے آنے پر شائقین کرکٹ تشویش میں مبتلا ہوگئے تھے، تاہم اب شائقین کرکٹ کیلئے اچھی خبر ہے۔ پی سی بی کے میڈیکل پینل نے دونوں کھلاڑیوں کو آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل کھیلنے کیلئے فٹ قرار دے دیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق دونوں کھلاڑیوں کو ڈاکٹروں کی جانب سے سیمی فائنل کھیلنے کی اجازت مل گئی ہے، ٹیم منیجر کا کہنا ہے کہ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان اور آل راؤنڈر شعیب ملک کا بخار اترگیا ہے جس کے بعد دونوں آسٹریلیا کے خلاف میچ میں شرکت کریں گے۔
خیال رہے کہ بری خبر سامنے آئی تھی کہ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان اور آل راؤنڈر شعیب ملک بخار میں مبتلا ہوگئے ہیں اور دونوں نے پریکٹس سیشن میں بھی حصہ نہیں لیا تھا، دونوں کھلاریوں کے کرونا ٹیسٹ بھی کیے گئے تھے، جس کی رپورٹ منفی آئی تھی۔

