نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے انگلینڈ کیخلاف سیمی فائنل میچ کو انتہائی شاندار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فائنل میں پہنچنے کی بہت خوشی ہے اور تمام ٹیم کے کھلاڑی شادمان ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ اوپنر ڈیرل مچل کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے اس بلے باز نے آخر تک ہمت نہیں ہاری اور ٹیم کی جیت میں ان کا کلیدی کردار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے معلوم تھاکہ انگلینڈ کیخلاف سیمی فائنل میچ آسان نہیں ہوگا کیونکہ انگلش ٹیم کے پاس شاندار کھلاڑی ہیں ہم باقاعدہ پلاننگ کے ساتھ میدان میں اترے تھے اور کامیابی حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے بہت محنت کی ہے اور میں توقع رکھتا ہوں کہ فائنل میں بھی کوئی بھی ٹیم چاہے آسڑیلیا یا پاکستان آئے ہم مقابلے کیلئے تیار ہیں، ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ کچھ خامیاں ٹیم میں ضرور ہیں جنہیں دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور پرامید ہوں کہ فائنل تک ان خامیوں کو دور کیاجائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنی کارکردگی سے مطمئن ہوں اگلے میچ میں زیادہ بہتر سکور کرنے کی کوشش کروں گا۔

