
اسلام آباد (نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر اپنی ٹیم سے کہا ہے کہ مشکل وقت ہے گھبرائیں نہیں، مہنگائی پر قابو پا لیں گے۔ جمعہ کو وزیراعظم کی زیر صدارت پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میںعمران خان نے اپوزیشن کے سیاسی معاملات پر گفتگو سے گریز کیا۔ذرائع کا کہنا ہے اجلاس کے دوران معیشت مہنگائی اور عوامی ریلیف کے اقدامات زیر بحث رہے۔وزیراعظم نے ویلفیئر کے حکومتی اقدامات کو عوام تک پہنچانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو آسان الفاظ میں بتائیں کہ حکومت ان کے لیے کیا کر رہی ہے، عام آدمی کا ریلیف اس وقت حکومت کی توجہ کا مرکز ہے۔علاوہ ازیں پاک آسٹریلیا میچ سے متعلق بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ گرین شرٹس ٹیم دباؤلینے کے باعث میچ ہاری، پر اعتماد ٹیم جیسے ہی دباؤ میں گئی تو باؤلنگ غلط ہونے لگی، ٹیم آخر تک پر اعتماد رہتی تو نتیجہ مختلف ہو سکتا تھا۔مزید برآں وزیراعظم سے ٹرائیکا پلس کے خصوصی نمائندگان برائے افغانستان کی ملاقات ہوئی۔اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ عالمی برادری افغانستان کی صورتحال کی سنگینی کو تسلیم کرے، افغان عوام کی مشکلات کو کم کرنے میں مدد کے لیے منجمد اثاثوں کی رہائی سمیت فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ دوسری طرف وزیراعظم افغان عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر ممکن مددکے لیے افغان عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، پاکستان افغانستان کو گندم، چاول، ہنگامی طبی امداد اور شیلٹرز سے متعلق سامان سمیت اشیا ضروریہ فراہم کرے گا۔
