پاکستان کے سابق کرکٹر شاہد آفریدی نے بھارتی کرکٹرویرات کوہلی کو دیگر دو فارمیٹس کی کپتانی بھی چھوڑنے کا مشورہ دے دیا۔ شاہد آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے روہت شرما کو بھارتی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان مقرر کیے جانے کے فیصلے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ روہت شرما ایک شاندار کھلاڑی ہیں اور شاٹ سلیکشن ان کی خصوصیت ہے، وہ فیلڈ میں پرسکون اور جارحیت کا درست مکس اپ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم میں کپتانی کی تبدیلی کا عمل ہونا تھا لیکن روہت شرما کو لازمی چانس ملنا چاہیے۔
سابق کرکٹر نے اس موقع ویرات کوہلی کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ کوہلی کو بطور کھلاڑی اپنے کیرئیر کو آگے بڑھانا چاہیے، انہیں بھارتی ٹیم کے دیگر دو فارمیٹس کی کپتانی سے بھی دستبرداری اختیار کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کپتانی کوئی آسان ٹاسک نہیں اور خاص کر پاکستان، بھارت جیسے ممالک میں یہ بہت مشکل ہے، جب تک سب ٹھیک چل رہا ہو تو کپتانی اچھی رہتی ہے اس لیے ویرات کو صرف بطور کھلاڑی آگے چلنے کا فیصلہ کرنا چاہیے، اس سے ان پر پریشر میں کمی آئے گی اور وہ کرکٹ سمیت اپنی بیٹنگ کو انجوائے کریں گے۔

