گوجرانوالہ (جسارت نیوز)آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں اہم موقع پر آسٹریلیا کے بلے باز میتھیو ویڈ کا کیچ ڈراپ کرنے والے حسن علی کے والد کا ردعمل بھی سامنے آ گیا ہے۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ حسن علی نے 19 ویں اوور میں آسٹریلوی بلے باز میتھیو ویڈ کا کیچ ڈراپ کیا تھا اور پھر اْسی اوور میں میتھیو ویڈ نے 3 چھکے لگا کر آسٹریلیا کو فتح سے ہمکنار کروا دیا تھا۔آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست پر شائقین کرکٹ کی جانب حسن علی کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا لیکن وزیراعظم عمران خان، چیئرمین پی سی بی رمیز راجا اور موجود و سابق کرکٹرز سمیت پوری ٹیم نے حسن علی کو سپورٹ کیا اور ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی پر ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھی میچ ختم ہونے کے بعد ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں کو لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی کھلاڑی کسی ایک کھلاڑی کو شکست کا ذمہ دار نہیں ٹھہرائے گا جبکہ شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ ہم ہارے نہیں بلکہ ہم نے سیکھا ہے اور ہم مضبوط ہو کر واپس آئیں گے اور خوشیاں بکھیریں گے۔ اب حسن علی کے والد عبدالعزیز نے بھی نجی ٹی کو انٹرویو میں اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

