لاہور (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مسلم لیگ قائد اعظم ہماری اتحادی جماعت ہے، پنجاب میں ہمیشہ مشاورت کے ساتھ فیصلے کیے ہیں، صوبے میں ہمیشہ اتحاد ی جماعت کو ساتھ لے کر چلے ہیں اور آئندہ بھی ساتھ لے کر چلیں گے۔ مسلم لیگ ق سے بہترین کوآرڈینیشن کے تحت عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ ہم اتحاد ی تھے، اتحادی ہیں اور اتحادی رہیں گے۔ مسلم لیگ ق کے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ بہتر بنائیں گے اور اتحادی جماعت سے مشاورت کے عمل کو مزید آگے بڑھائیں گے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ سعودی عرب روانگی سے قبل بھی اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی رہائش گاہ جا
کر ان سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں کبھی سولو پالیسی اختیار نہیں کی اور اتحادی جماعت کے اراکین کی تجاویز کو ہمیشہ اہمیت دی ہے، صوبے کے عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے مل کر کام جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اتحاد میں دراڑ ڈالنے کی خواہش رکھنے والوں کے ارمان پورے نہیں ہوں گے، سازشیں کرنے والے پیچھے رہ جائیں گے اور ہمارا اتحاد آگے کی جانب بڑھتا جا ئے گا۔ آس لگانے والوں کو یاس کے سوا کچھ نہیں ملے گا، غلط فہمیاں پیدا کرنے والوں کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اتحادیوں کے ساتھ مل کر عوام کی فلاح و بہبودکا مشن جاری رکھیں گے، اپوزیشن کے پاس فلاح عامہ کا کوئی ایجنڈا نہیں، صرف نان ایشوز پر سیاست چمکائی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے کہا کہ پی ڈی ایم والے صرف بیان بازی کرسکتے ہیں، پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں ایک دوسرے کے ساتھ مخلص نہیں اور ایک جماعت کا بیانیہ دوسری جماعت کے ساتھ نہیں ملتا۔ ڈیرہ غازی خان کے ناکام جلسے کے بعد کراچی میں بھی پی ڈی ایم کا شو فلاپ رہے گا۔ ناکام جلسوں کے بعد پی ڈی ایم انتشار کا شکار ہے اور عوام کی فلاح و بہبود کے سفر کو روکنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے فلاح عامہ کے لیے جتنا کام کیا ہے، ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی، یہ لوگ عوام کی فلاح و بہود نہیں بلکہ مفاد پرستی کے ایجنڈے پر چل ر ہے ہیں۔ پی ڈی ایم کو ملک کی ترقی نہیںبلکہ ذاتی مفادات عزیز ہیں، اس میں شامل جماعتیں زبانی جمع خرچ میں لگی ہوئی ہیں۔
