بھارت کی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کی ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاکت کی تصدیق ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کا ملٹری ہیلی کاپٹر ریاست تامل ناڈو میں کونور کے قریب گر کر تباہ ہوا، حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف، ان کی اہلیہ مدھولکا راوت اور عملے کے افراد سوار تھے۔
Around noon today, an IAF Mi 17 V5 helicopter with a crew of 4 members carrying the CDS and 9 other passengers met with a tragic accident near Coonoor, TN.
— Indian Air Force (@IAF_MCC) December 8, 2021
بھارتی فضائیہ نے جنرل بپن راوت کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے اور کہا ہے کہ جنرل بپن راوت اور ان کی اہلیہ سمیت 13 افراد حادثے میں ہلاک ہوچکے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے میں 13 لاشیں ملی ہیں جن کی شناخت کیلئے ڈی این اے ٹیسٹ کیا جائے گا۔
اس سے قبل بھارتی فوج کے لیفٹننٹ جنرل (ر) ایچ ایس پناگ نے ٹوئٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت حادثے میں ہلاک ہوچکے ہیں۔
RIP General Bipin Rawat!
— Lt Gen H S Panag(R) (@rwac48) December 8, 2021
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کل پارلیمنٹ میں واقعے کے حوالے سے بیان دیں گے۔
علاوہ ازیں بھارتی ائیر فورس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ بھارتی فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت اپنی مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد 31 دسمبر 2019 کو ریٹائر ہوئے تھے لیکن مودی سرکار نے انہیں بھارت کی مسلح افواج کا پہلا چیف آف ڈیفنس اسٹاف مقرر کیا تھا۔
