صوبہ خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع ٹانک میں پولیو ٹیم پر حملے میں سیکیورٹی پر مامور ایک اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔
گاؤں چھدرڑ میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے پولیو سیکیورٹی ٹیم پر حملہ کرتے ہوئے پولیس اور ایف سی اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔اس واقع کی اطلاع پاتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ کو پہنچ گئی جب کہ شہید اہلکار اور زخمی کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس افسر کے مطابق حملہ آور فرار ہوگئے ہیں، جن کی تلاش کے لئےچھاپے مارے جارہے ہیں۔
گزشتہ جمعہ کے روز جی ایچ کیو کی ٹیم نے پولیو کے فارنرز حکام کے ہمراہ مذکورہ علاقے کا دورہ کیا تھا، اور اسی روز ٹانک کے گنجان آباد علاقے سے 4 کلو وزنی بم بھی برآمد ہوا تھا جسے پولیس نے ناکارہ بنایا تھا۔
وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے اس مذموم واقع کی مذمت کرتے ہوئے پولیس کو ملوث تمام تر عناصر کی فی الفور گرفتاری کے لئےہر ممکنہ کاروائیاں کرنے کی ہدایت کی ہے۔
