افریقہ میں سن 2014 کے مقابلے میں بھوک اور قحط سالی کا سامنا کرنے والے افراد کی شرح میں 50 فیصد اضافہ ہو گیا ہے۔
عالمی تنظیم برائے خوراک و زراعت کی طرف سے آج شائع کی گئی رپورٹ کے مطابق برّ اعظم افریقہ میں 2020 کے دوران خوراک کی کمیابی کا سامنا کرنے والے افراد کی تعداد 2014 کے مقابلے میں 89 ملین اضافے کے ساتھ 282 ملین تک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ برّ اعظم افریقہ میں خوراک کی عدم دستیابی خاص طور پر 2019 سے 2020 کے سالوں میں زیادہ شدت سے محسوس کی گئی ہے اور اس اضافے کی اہم ترین وجہ کووِڈ۔19 وباء ہے۔
افریقہ یونین اور اقوام متحدہ کے افریقہ اقتصادی کمیشن کے بھی اعداد و شمار کے حوالے سے تیار کی گئی اس رپورٹ میں کہا گیا ہے برّ اعظم میں 2010 سے 2013 کے دوران صورتحال میں بہتری آئی لیکن 2014 سے حالات پھر ابتری کی طرف جا رہے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا میں ناکافی خوراک کے شکار افراد کے 55 فیصد کا تعلق برّ اعظم افریقہ سے ہے۔ علاوہ ازیں وارننگ دی گئی ہے کہ اقوام متحدہ کے، 2030 تک بھوک کے خاتمے کے، ہدف تک رسائی نہیں ہو سکے گی۔
