English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

غریب ممالک میں غربت کا سبب کرپٹ حکمران ہیں، عمران خان

القمر

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ غریب ممالک میں غربت کا سبب کرپٹ حکمران ہیں، کرپشن ملک کو تباہ کر دیتی ہے، اکثر لوگ پیسہ کمانے کیلئے سیاست کا رخ کرتے ہیں، ہمارا مقابلہ دو خاندانوں سے ہے جو دولت سے مالا مال ہیں، بھٹو اور شریف خاندان نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔ 

غیر ملکی ٹی وی کو انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ جیتا تو پراعتماد ہوا اور  بہت کچھ سیکھا، ناکامی انسان کو جدوجہد کرنا اور کامیا بی پرُاعتماد بنادیتی ہے، میں نے کھیل میں ناکامی سے گر کر کھڑا ہونا سیکھا ہے۔

افغانستان کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ افغانستان میں جو کچھ ہوا اس کے بعد امریکا صدمے میں ہے، افغان حکومت کے مزاحمت کے بغیر ہتھیار ڈالنے پر امریکا شدید غم و غصہ میں ہے، امریکا اور نیٹو نے افغانستان میں 20 سال صرف کیے اور 2 کھرب ڈالر خرچ کیے، افغانستان میں 2001 سے بھی زیادہ بدتر صورتحال پیدا ہوگئی، افغانستان کی امداد کیلئے عالمی برادری کو آگے آنا چاہیے۔

وزیراعظم نے کہا کہ والدہ کے بہت قریب تھا، ان کو کینسر ہوا تو میں نے درد محسوس کیا، والدہ کی وجہ سے کینسر اسپتال بنانے کا منصوبہ بنایا، میرے والدین محب وطن پاکستانی تھے، میری والدہ کی خواہش تھی پاکستان مضبوط ملک بنے، والدہ کے انتقال کے بعد میرا رجحان روحانیت کی طرف بڑھا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ بانیان پاکستان کے مقاصد میں فلاحی ریاست کا ذکر تھا، ترقی پزیر ممالک اس لیے غریب ہیں کیوں کہ ان کے حکمران، اشرافیہ اور وزرائے اعظم پیسہ لوٹتے ہیں، جب کسی ملک کا وزیراعظم ملکی دولت لوٹتا ہے تو ملک معاشی طور پر کمزور ہوتا ہے، میں کرپشن سے پاک پاکستان  کا خواہاں ہوں، اس وقت کرپٹ مافیا سے جنگ ہے، جب  ملک میں 2 کرپٹ پارٹیوں کا راج ہو تو تیسری کا جدوجہد کے باوجود آنا مشکل ہوجاتاہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ  میں سیاست میں پیسہ بنانے کے لیے نہیں آیا بلکہ مشن کے تحت آیا ہوں، کچھ کرنا اور دینا چاہتاہوں، میری سوچ کے حامل لوگوں کو سیاست میں آنا چاہیے، وہ جوپیسہ بنانے کے لیے سیاست کا انتخابات کرتے ہیں ان کو مسترد کرنا چاہیے، میں کرپشن کے خلاف ہوں، کرپٹ عناصر کا تعلق میری ہی جماعت سے کیوں نہ ہو کارروائی ہونی چاہیے، شوگر کمیشن اس لیے قائم کیا گیا کہ کرپٹ عناصر کی نشاندہی ہو۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے