English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

2013ء کے بعد سے پارلیمنٹ کے اختیار پر مسلسل حملے ہو رہے ہیں، آصف زرداری

القمر

 اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا ہے کہ 2013ء کے بعد سے پارلیمنٹ کے اختیار پر مسلسل حملے ہو رہے ہیں، پارلیمنٹ کی عزت اور وقار کو بے توقیر کیا جا رہا ہے، پیپلز پارٹی اس کے خلاف مزاحمت کرے گی۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے محترمہ بینظیر بھٹو کے یوم شہادت پر پیغام میں کہا ہے کہ ہم محترمہ کے ہر خواب کی تعبیر کریں گے، ملک سے غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ کرکے عوام کو معاشی مشکلات سے نجات کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے، ملک ہمارے لیے اپنی جانوں سے زیادہ عزیز ہے اس کی آزادی، وقار، خودداری اور عزت، جس پر ہم کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

آصف زرداری نے کہا کہ آج ملک خطرناک صورتحال سے گزر رہا ہے، ملک کی معیشت تباہ ہو گئی ہے، خارجہ امور زبوں حالی کے شکار ہیں، قانون کو موم بنا دیا گیا ہے، میرے لیے تکلیف دہ بات یہ ہے کہ غریب مشکلات کا شکار ہے اور وہ ریاست کے ثمرات سے محروم ہوا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سال 2013ء کے بعد سے پارلیمنٹ کے اختیار پر مسلسل حملے ہو رہے ہیں، پارلیمنٹ کی عزت اور وقار کو بے توقیر کیا جا رہا ہے جس کی پاکستان پیپلز پارٹی مزاحمت کر رہی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے تباہ حال ملک کی دوبارہ تعمیر کی، ملک کو بچایا اب ملک کو مشکلات سے نکالے گی۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے مزید کہا کہ صبر اور برداشت ہماری کمزوری نہیں ہے ہمارا اصول ہے، محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی عظیم قربانی رائیگاں جانے نہیں دیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے