حکومت کی ناقص کارکردگی اور دن بدن بڑھتی مہنگائی پر اداکاروں نے بھی ردعمل دینا شروع کردیا ہے۔عام عوام اور سیاسی جماعتیں پہلے ہی تحریک انصاف کی حکومت کی ناقد ہیں .یاد رہے کہ عمران خان کی حکومت سے قبل نوجوانوں اور خصوصا شوبز سے متعلق طبقے نے زور و شور سے عمران خان کو وزیر اعظم بنانے کے لیے آواز اٹھائی تھی اس طبقے کا خیال تھا کہ عمران خان مہنگائی کا خاتمہ کریں گے ،انصاف تک رسائی آسان ہوجائے گی اور وی آئی پی کلچر کا خاتمہ ہوجائے گا.
گزشتہ روز اداکارہ مشی خان نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتی کہ موجودہ حکومت اپنی نااہلی کے کیسے کیسے جواز پیش کر رہی ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ حکومت، پاکستان کا موازنہ دوسرے ممالک سے یہ کہہ کر کررہی ہوتی ہے کہ امریکا، افریقا، انگلینڈ اور روس میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے، حکومت وہاں کا رہن سہن دیکھے۔
مشی خان نے کہا کہ ان ممالک میں گھر میں صفائی کرنے والی خاتون بھی اپنی گاڑی میں آتی ہے، پاکستان میں ایک منیجر اپنی تنخواہ میں مہینہ کس طرح پورا کرتا ہے یہ اُسی سے پوچھیں،جبکہ عام آدمی کی تو بات ہی کیا کی جائے. آپ لوگوں کو نظر کا دھوکہ ہے جو آپ باہر کے ممالک کا پاکستان سے موازنہ کرتے ہیں۔
اپنے ویڈیو پیغام میں اداکارہ نے عوام کو مہیا کی جانے والی بنیادی ضروریات سے متعلق کہا کہ پاکستان میں آپ لوگوں نے روٹی، پانی تک کو بہت مہنگا کر دیا ہے۔
مشی خان نے کہا روز ٹی وی پر حکومت سے وابستہ خواتین و حضرات آکر ہمیں ماموں بناتے ہیں اور نکل جاتے ہیں، آپ لوگ کر کیا رہے ہیں، آپ لوگوں کو پتہ ہی نہیں کہ آپ کیا کر رہے ہیں بس ایک دوسرے پر الزامات لگا رہے ہیں، پچھلی حکومت کو کہہ رہے ہیں، آپ لوگوں نے خود کیا کیا ہے۔

