English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

چشمہ شفاء۔ 19

القمر

ڈاکٹر مہمت اُچار کے طبّی مشوروں پر مبنی پروگرام چشمہ شفاء کے ساتھ آپ کی خدمت میں حاضر ہیں۔

آج ہم جس موضوع پر آپ کے ساتھ بات کریں گے وہ  پھٹے ہوئے ہونٹوں کا قدرتی علاج ہے۔

ہونٹوں کو پھٹنے سے بچانے اور پھٹے ہوئے ہونٹوں کے علاج کے لئے ہماری تجاویز اس طرح ہیں نوٹ فرما لیجیے:

 

1۔ چینی

ایک میٹھے کا چمچ باریک دانوں والی  چینی لیں اس میں ایک میٹھے کا چمچ  شہد ملا لیں۔ اس آمیزے کو ہوٹنوں پر لگائیں اور 5 منٹ تک لگا رہنے دیں۔ بعد میں نیم گرم پانی سے ہونٹوں کو صاف کر لیں۔

 

2۔ شہد

انگلی کی مدد سے ہونٹوں پر شہد کا لیپ کریں اور 15 منٹ تک شہد کو ہونٹوں پر لگا رہنے دیں۔ بعد میں نیم گرم پانی سے صاف کر لیں۔ اس طریقے کو دن میں 2 سے 3 دفعہ دھرایا جا سکتا ہے۔

ہفتے میں 3 سے 4 دفعہ اس طریقے پر عمل کرنے کی صورت میں ہونٹ پھٹنے سے مکمل نجات مِل سکتی ہے۔

 

3۔ کھیرا

کھیرا بھی ہونٹوں کو نم رکھتا اور پھٹنے کی وجہ سے پیدا ہونے والے زخموں کو مندمل کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ کھیرے  کو کاٹ کر ہونٹوں پر ملیں۔ 15 سے 20 منٹ  کے بعد ہونٹوں کو صاف کر لیں۔ کھیرے کے استعمال کا دوسرا طریقہ یہ ہے کہ کھیرے کو چھلکے سمیت کدو کش کر کے ہونٹوں پر لیپ کریں اور 20 منٹ تک لگا رہنے دیں۔ بعد ازاں ٹھنڈے پانی سے ہونٹوں کو صاف کر لیں۔

 

4۔ بادام

ہونٹوں سے مُردہ  جِلد صاف کرنے کے لئے بادام کی پیلنگ نہایت مفید  چیز ہے۔ پیلنگ کی تیاری کے لئے ایک پیالی میں ایک چائے کا چمچ پِسے ہوئے بادام ڈالیں  ۔ اس میں ایک چائے کا چمچ باریک دانے والی چینی اور ایک چائے کا چمچ شہد ملائیں۔ اس آمیزے کو 2 منٹ تک ہونٹوں پر لگائیں  اور بعد میں ہونٹوں کو صاف کر لیں۔

 

5۔ قہوے کا تلچھٹ

قہوے کا تلچھٹ خشک اور پھٹے ہوئے ہونٹوں کے لئے نہایت فائدہ مند  ہے۔ ایک پیالی میں ایک چائے کا چمچ  قہوے کا تلچھٹ ڈالیں اس میں ایک چائے کا چمچ شہد اور 1 یا 2 قطرے زیتون کا تیل ملائیں۔ اس آمیزے کو ہونٹوں پر لگائیں اور 20 منٹ بعد دھو لیں۔

 

6۔ دہی اور تِلوں کے تیل کا ماسک

ایک میٹھے کا چمچ دہی  اور ایک میٹھے کا چمچ تِلوں کا تیل لیں اور انہیں  اچھی طرح ملا لیں۔ اس آمیزے کو انگلی کی مدد سے ہونٹوں پر لگائیں اور اچھی طرح ملیں۔ بعد میں ٹھنڈے پانی سے ہونٹوں کو صاف کر لیں۔

نرم و ملائم ہونٹوں کے لئے اس ماسک کو ہفتے میں ا یک  دفعہ استعمال کیا جا سکتا ہے۔

 

7۔ ایلو ویرا

ایلو ویرا عام طور پر ہر گھر میں ہوتا ہے ۔اس کی  ایک شاخ لیں اور جیلی نکال لیں۔ اس جیلی کو رات کو سونے سے قبل ہونٹوں پر لگائیں اور رات بھر لگا رہنے دیں۔ صبح اٹھ کر ہونٹوں کو دھو لیں۔

8۔ کھوپرے کا تیل

جمے ہوئے کھوپرے کے تیل  کو ہونٹوں پر ملنا بھی ہونٹ پھٹنے کی شکایت دُور کرنے کا بہت موئثر طریقہ ہے۔

 

9۔ دودھ اور گلاب کی پتّیاں

ایک پیالی نیم گرم دودھ میں ایک مٹھی گلاب کی خشک پتّیاں ڈالیں اور آدھے گھنٹے تک انہیں بھیگنے دیں۔ بعد میں گلاب کی پتّیوں کو پیس کر لیپ کی شکل میں لے آئیں۔ اس لیپ کو ہونٹوں پر ملیں اور رات کو سونے سے پہلے ہونٹوں پر لگائیں۔

 

10۔ نمک والا پانی

نمک والا پانی زخموں کو صاف رکھنے اور انہیں مندمل کرنے  میں نہایت فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔ اس کے استعمال کا طریقہ اس طرح ہے کہ ایک صاف گلا س میں نیم گرم پانی لیں اور اس میں ایک کھانے کا چمچ نمک ملائیں۔ اس آمیزے کو روئی کی مدد سے ہونٹوں پر لگائیں۔ ابتدا میں اس پانی سے ہونٹوں پر جلن یا درد محسوس ہو سکتی ہے لیکن چند منٹ بعد یہ علامات ختم ہو جائیں گی۔

 

11۔ پانی

جسم میں پانی کی کمی کی وجہ سے بھی ہونٹ پھٹ جاتے ہیں اس لئے خواہ آپ پیاس محسوس نہ بھی کریں تو بھی پانی پینے میں لاپرواہی نہ برتیں۔ دن میں 8 سے 10 گلاس پانی پینا نہ صرف جسم میں پانی کی  کمی سے بچاتا ہے بلکہ ہونٹوں کے خشک ہونے یا پھر پھٹنے سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے