English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ابھی تک آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے بارے میں نہیں سوچا، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انہوں نے اب تک آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے بارے میں نہیں سوچا۔

وزیراعظم نے دنیا ٹی وی اسلام آباد کے بیورو چیف خاور گھمن سے ون آن ون ملاقات میں کہا کہ موجودہ سال ابھی شروع ہوا ہے اور نومبر بہت دور ہے، پھر آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی فکر کیوں ہے۔

خاور گھمن کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ ان کے فوجی قیادت کے ساتھ بے مثال تعلقات ہیں۔

جب ان سے مسلم لیگ (ن) اور فوج کے درمیان ممکنہ ڈیل اور حکومت کو گھر بھیجنے کی افواہوں کے بارے میں پوچھا گیا کہ کیا انہیں کسی بھی جانب سے خطرہ محسوس ہوا، تو وزیر اعظم نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر کسی قسم کے دباؤ میں نہیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں حکومتی اتحادیوں کی حمایت حاصل ہے اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کی حکومت اپنے مینڈیٹ کے پانچ سال مکمل کرے گی۔

Image

احتساب کے لیے اپنی پارٹی کی جدوجہد کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اپوزیشن کی بڑی شخصیات پر بدعنوانی کے الزامات پر ابھی تک مقدمہ نہیں چلا اور کمزور پراسیکیوشن کی وجہ سے وہ آزاد گھوم رہے ہیں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) عدالت میں مقدمات لے جائے گا لیکن ان پر کارروائی نہیں ہو رہی۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف بدعنوانی کے ثبوت ہونے کے باوجود ان کے خلاف کارروائی نہ کرنا ان کی حکومت کی سب سے بڑی کوتاہی قرار دیا جاسکتا ہے۔

تاہم وہ اس حوالے سے پُرامید دکھائی دیے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) جو تازہ کیس لے کر آیا ہے اس میں وہ سزا سے نہیں بچ پائیں گے۔

انہوں نے خیبر پختونخوا میں حالیہ بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کی شکست کو ‘بڑا نقصان’ قرار دیا۔

وزیراعظم سے پوچھا گیا کہ پی ٹی آئی نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے کیسی منصوبہ بندی کی ہے تو انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ جب پنجاب میں انتخابات ہوں گے تو ان کی پارٹی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

اس کے علاوہ بھی وزیراعظم نے تین ملاقاتیں کیں۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے ساتھ بات چیت کے دوران وزیر اعظم نے صحت، تعلیم، کم لاگت کے مکانات، سماجی منصوبوں اور صاف پانی جیسے عوامی منصوبوں کی تکمیل کو ترجیح دینے کے لیے اپنی حکومت کے عزم کو دہرایا۔

ایک علیحدہ ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نے حکومت کے اہم شہری ترقیاتی منصوبوں کی تیزی سے تکمیل پر زور دیا جن میں راوی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ، لاہور میں والٹن اور راولپنڈی میں نالہ لائی ایکسپریس وے شامل ہیں۔

ان کے علاوہ وزیر اعظم نے آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم سردار عبدالقیوم خان نیازی سے بھی ملاقات کی اور ان سے سیاحت کے فروغ اور رواں سال کے دوران آزاد جموں و کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔

منبع: ڈان نیوز

The post ابھی تک آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے بارے میں نہیں سوچا، وزیراعظم appeared first on شفقنا اردو نیوز.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے