حکومت نے آئندہ پندرہ دن کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے ایک پیسے فی لیٹر کا اضافہ کر دیا ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے ایک پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد نئی قیمت 147 روپے 83 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق رات 12 بجے سے اگلے 15 روز کیلئے ہوگا۔
اس کے علاوہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت تین روپے اضافے کے بعد 144 روپے باسٹھ پیسے مقرر کی گئی ہے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت 3 روپے اضافے کے بعد 116 روپے 48 پیسے فی لیٹر ہوگی۔
لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 3 روپے 33 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 114 روپے 54 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
ایک دفعہ پھر وزیر اعظم نے اوگرا کی تجویز مسترد کر دی۰ پچلھے پندرہ دن میں عالمی مارکیٹ میں دس فیصد خام تیل کی قیمتیں اضافہ ہوا، مگر حکومت نے دو فیصد صرف اضافہ کیا۰ pic.twitter.com/qOASyBdyFG
— Muzzammil Aslam (@MuzzammilAslam3) January 15, 2022
خیال رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی حکومت نے یکم جنوری کو عوام کو مہنگائی کا تحفہ دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا تھا۔
یکم جنوری کو پیٹرول کی قیمت 4 روپے فی لیٹر اضافہ کرنے کے بعد نئی قیمت 144 روپے 82 پیسے، ہائی سپیڈ ڈیزل 4 روپے فی لیٹر اضافہ کرکے اس کی نئی قیمت 141 روپے 62 پیسے فی لیٹر کر دی گئی تھی۔
مٹی کے تیل کی قیمت 3 روپے 95 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد 113 روپے 53 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 15 پیسے اضافہ کرکے 111 روپے 6 پیسے فی لیٹر کی گئی تھی۔
