تہران: ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبدالحیان نے کہا کہ ایران اور چین کا 25 سالہ تعاون معاہدے پر عمل شروع ہوچکا ہے۔
الجزیرہ کے مطابق دورہ چین کے دوران اپنے ہم منصب وینگ یی سے ملاقات کے وقت ایرانی وزیر خارجہ نے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ دورہ چین کی تیاری میں یہ بات شامل تھی کہ ہم آج کے دن معاہدے پر عملدرآمدگی کی بنیاد رکھ دیں۔
معاہدے پر دستخط مارچ 2021 کو تہران میں کیے گئے تھے جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان معاشی، عسکری، اور سیکورٹی تعاون کو فروغ دیا گیا ہے۔ تاہم یہ بات ذہن نشیں رہے کہ دونوں ممالک امریکی پابندیوں کی زد میں ہیں جبکہ دوسری جانب دونوں عہدیداران نے اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کی تفصیلات واضح نہیں کی ہیں۔
دورہ چین کے دوران امیر عبدالحیان نے ایرانی صدر ابراھیم رئیسی کی جانب سے چینی صدر ژی چن پنگ کے نام بھیجے گئے خط کو بھی سُپرد کردیا ہے جس کے بارے میں عبدالحیان نے بتایا کہ ژی چن پنگ کیلئے اس میں ایک ضروری پیغام ہے۔ امیر عبدالحیان نے مندرجات کی تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا لیکن ابراہیم رئیسی کی انتظامیہ کی جانب سے متعدد بیانات کے مطابق اس میں ایشیائی خطے سے متعلق ایرانی خارجی امور میں چین کو ایک خاص اہمیت دی گئی ہے۔
برطانوی الزامات بہت زیادہ 007 ٹائپ فلمیں دیکھنے کا نتیجہ ہے، چین
بیجنگ: چین نے برطانیہ کی سیکیورٹی سروسز کی جانب سے ایک مشتبہ چینی ایجنٹ کے قانون سازوں کو متاثر کرنے کی کوشش کے انتباہ کو بہت زیادہ 007 ٹائپ کی فلمیں دیکھنے کا نتیجہ قرار دیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ برطانوی ارکان اسمبلی کی جاسوسی کرنے یا ان کا اکاؤنٹ ہیک کرنے کے الزامات بے بنیاد ہیں۔
چین کا یہ بیان اُس وقت سامنے آیا ہے جب برطانوی حکام نے ایک روز قبل دعویٰ کیا تھا کہ لندن میں مقیم ایک وکیل نے برطانیہ کی کاؤنٹر انٹیلی جنس اور خفیہ ایجنسی ایم آئی -5 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ پارلیمنٹ کے اندر جان بوجھ کر سیاسی مداخلت کی سرگرمیوں میں ایک مشتبہ چینہ شخص کرسٹین لی ملوث ہے۔
ہاؤس آف کامنز کی اسپیکر لنڈسے ہوئل کے دفتر سے جاری بیان میں بھی کہا گیا تھا کہ کہ کرسٹین لی نے مبینہ طور پر چین کی حکمراں کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے عطیات کے ذریعے اثر و رسوخ حاصل کرنے کے لیے کام کیا تھا۔
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وینبن نے پریس کانفرنس میں اس الزام کا جواب دیتے ہوئے مزید کہا کہ برطانوی حکام جیمز بانڈ کی کتاب اور فلم 007 دیکھنے کے بہت زیادہ شوقین ہیں اور شاید اسی بنیاد پر رپورٹ تیار کی ہے۔
منبع: ایکسپریس نیوز
The post ایران اور چین کا 25 سالہ تعاون معاہدے پر عمل شروع ہوچکا ہے، ایرانی وزیر خارجہ appeared first on شفقنا اردو نیوز.
