بلوچستان کے علاقے نوشکی اور پنجگور میں دو دھماکوں کی آواز سنی گئی ہے۔
فرنٹیئرکور (ایف سی) کے ترجمان کا کہنا تھا کہ نوشکی اور پنجگور کے علاقوں میں دو الگ الگ دھماکے ہوئے۔
ترجمان کے مطابق نوشکی میں ایف سی کی عمارت کے قریب دھماکا ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کے بعد فائرنگ ہوئی، جو تاحال جاری ہے۔
عہدیداروں کی جانب سے دھماکوں اور فائرنگ سے کسی قسم کے جانی نقصان اور دھماکے کی نوعیت کے بارے میں کوئی تفصیل نہیں بتائی۔
خیال رہے کہ دو روز قبل بلوچستان کے ضلع جعفرآباد کے شہر ڈیرہ اللہ یار میں دستی بم حملے میں دو پولیس اہلکاروں سمیت 17 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے سبات پور چوک کے قریب دستی بم پھینکا، جو پھٹ گیا اور ٹریفک پولیس کے دو کانسٹیبلز سمیت 17 افراد زخمی ہوئے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر میر جان محمد خان جمالی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے دہشت گردی کی کارروائی قرار دیا تھا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا تھا کہ افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنے والے عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے اور انہیں جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی اپنی ذمہ داری پوری کرتی رہے گی۔
اس سے قبل 28 جنوری کو ڈیرہ بگٹی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں سینیٹر سرفراز بگٹی کے کزن سمیت مقامی رضاکار فورس کے 4 اہلکار جاں بحق اور لیویز اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
حکام کا کہنا تھا کہ دھماکا ڈیرہ بگٹی کے قریب سوئی کے علاقے مٹ موندرانی میں نامعلوم افراد کی جانب سے بچھائی گئی بارودی سرنگ میں ہوا۔
قبل ازیں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ‘دہشت گردوں نے 25 اور 26 جنوری کی درمیانی شب بلوچستان کے علاقے کیچ میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی اور فائرنگ کے تبادلے کے دوران 10 اہلکار شہید ہوگئے اور ایک دہشت گرد بھی مارا گیا’۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ ‘شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا اور کئی زخمی ہوگئے’۔
اس سے قبل 24 دسمبر کو ضلع کیچ میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر ہونے والے دہشت گردوں کے حملے میں 2 فوجی اہلکار شہید ہوگئے تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ دہشت گردوں کے ساتھ ہونے والے فائرنگ کے تبادلے میں ضلع خوشاب سے تعلق رکھنے والے لانس نائیک منظر عباس اور خضدار سے تعلق رکھنے والے سپاہی عبدالفتح شہید ہوگئے۔
اسی طرح 14 دسمبر کو پاک-ایران سرحد کے قریب قائم چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگیا تھا۔
13 نومبر کو بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں انٹیلی جنس اطلاع ملنے پر ہونے والے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 فوجی شہید ہوئے تھے۔
منبع: ڈان نیوز
The post بلوچستان کے علاقے پنجگور اور نوشکی میں 2 دھماکے appeared first on شفقنا اردو نیوز.
