English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

صدر جناب ڈاکٹر عارف علوی کا ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان کا دورہ

القمر

چانسلر ورچوئل یونیورسٹی، صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، نے ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا، اساتزہ اور طلباء سے خطاب کیا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ”ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان ڈیجیٹل پاکستان بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ”یہ وفاقی تعلیمی ادارہ پاکستان کے دور دراز علاقوں تک معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے قائم کیا گیا تھا، اب ڈیجیٹل پاکستان کو عملی جامہ پہنانے میں اپنا موثر کردار نبھا رہا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ورچوئل یونیورسٹی پورے پاکستان میں یکساں نصاب کے لیے بہترین مثال ہے کیونکہ یہ پورے پاکستان میں اعلیٰ معیار کا تعلیمی مواد فراہم کرتی ہے۔
صدر مملکت جو ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان کے چانسلر بھی ہیں،نے جمعرات کو یونیورسٹی اور اس میں ایل ایم ایس مینجمنٹ،آی سی ٹی انفراسٹرکچر اور پروڈکشن ہاؤس کے لیے جدید ترین سہولیات کا دورہ کیا۔
ریکٹر، ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان، پروفیسر ڈاکٹر ارشد سلیم بھٹی نے یونیورسٹی انتظامیہ کے ساتھ معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ ریکٹر، وی یو پی کی طرف سے صدر مملکت کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
صدر مملکت کو بتایا گیا کہ ورچوئل یونیورسٹی اس وقت پاکستان کے 120 سے زائد شہروں میں موجود ہے جس میں 125,000 سے زائد فعال طلباء اور دنیا کے 62 ممالک سے 1860 بیرون ملک مقیم طلباء ہیں۔ پچھلے 20 سالوں سے ورچوئل یونیورسٹی نے عوام کو ان کے جغرافیائی محل وقوع سے قطع نظر انتہائی سستی اعلیٰ تعلیم فراہم کی ہے۔

اس وقت ورچوئل یونیورسٹی میں 14 محکمے، 5 فیکلٹیز، اور حال ہی میں قائم کردہ پرو فیشنل ڈویلپمنٹ سینٹر ہے۔ صد ر پاکستان کو بتایا گیا کہ وی یو پی بلینڈڈ ورچوئل ایجوکیشن فار نالج اکانومی، ڈیجیٹل سکلز ٹریننگ اور سپورٹ پروگرام برائے جنوبی بلوچستان اور ڈیجی سکلز 2.0 پر بھی کام کر رہی ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ بلینڈڈ لرننگ پراجیکٹ اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں گیم چینجر ثابت ہو گا۔ اس پروجیکٹ میں ورچوئل یونیورسٹی 12 چھوٹی یونیورسٹیوں کو داخلوں اور تعلیمی صلاحیت بڑھانے میں مدد کرے گی، اور ان کے وسائل کی کمی کو پورا کرنے میں مدد کرے گی۔
ورچوئل یونیورسٹی انتظامیہ سے بات کرتے ہوئے صدر نے الیکٹرانک موڈ کے ذریعے سستی اعلیٰ تعلیم کی فراہمی کے لیے ورچوئل یونیورسٹی کے کردار کو سراہا۔ نیشنل انفارمیشن سوسائٹی، جنوبی کوریا کی طرف سے انفارمیشن ایکسیس سینٹر اور انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین کی طرف سے ورچوئل یونیورسٹی کو ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سینٹر کا ایوارڈ یونیورسٹی کی بین الاقوامی پہچان ہے۔ صدر پاکستان کا کہنا تھا کہ ورچوئل یونیورسٹی ملک کی خواندگی کی سطح کو بہت زیادہ رفتار سے بلند کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
صدر پاکستان نے تحقیق پر مبنی تعلیم کی اہمیت پر زور دیا۔ طلباء کو جدید ترین تکنیکی ترقیات سے آگاہ کرنے کے لیے روایتی یونیورسٹیوں کو ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان کے ماڈل کی طرز پہ کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر پاکستان نے اس بات پر زور دیا کہ یونیورسٹیوں کو ایسے پروگرام تیار کرنے چاہئیں، جو معاشرے کے کم آمدنی والے طبقوں کو بااختیار بنائیں اور ان کی مہارتوں کی قدر میں اضافہ کریں۔ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ یونیورسٹی نرسنگ میں بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ پروگرام تیار کرنے اور اسکول سے باہر بچوں کے لیے پروگرام تیار کرنے کے لیے فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے ساتھ مل کر نجی شعبے کی مختلف تنظیموں کے ساتھ مل کر بھی کام کر رہی ہے۔
انہوں نے ورچوئل یونیورسٹی کی پرزور حوصلہ افزائی کی کہ وہ دیگر یونیورسٹیوں اور ملک کے اندر اور بیرون ملک دیگر اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ساتھ مل کر کام کریں۔ مزید برآں، انہوں نے زور دیا کہ معیاری تعلیم کے مواقع ہر کمیونٹی کے لیے دستیاب کیے جائیں، اور اس مقصد کے لیے آن لائن تعلیمی نظام بہترین ماڈل ہے۔ صدر نے وفاقی حکومت کی جانب سے وی یو پی کو ہر طرح کی مدد اور تعاون کا یقین دلایا۔
آن لائن سیشن میں صدر نے ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان کے فیکلٹی ممبران اور طلباء سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں صدر نے طلباء پر زور دیا کہ وہ ڈیجیٹل مہارتیں سیکھیں۔آپ سب سے باوقار تعلیمی ادارے کا حصہ ہیں، جو پاکستان میں ای لرننگ کا علمبردار ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ کووڈ کے دوران جب پاکستان کی ہر یونیورسٹی کو مسائل کا سامنا تھا، ورچوئل یونیورسٹی نے بغیر کسی رکاوٹ کے اپنے تعلیمی سیٹ اپ کوجاری رکھا۔
آخری سیشن میں صدر نے ورچوئل یونیورسٹی ٹی وی نیٹ ورک اور ڈیٹا سینٹر سمیت یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔

No related posts.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے