English Al Qamar Urdu جون 21, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر خودکش حملہ ناکام بنا دیا

القمر

خیبرپختونخوا کے ضم شدہ ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے چیک پوسٹ پر ایک دہشت گرد کی خودکش حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے حملہ آور کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق ‘ایک دہشت گرد نے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے ڈوسالی میں فوجی چیک پوسٹ میں داخل ہو کر خود کش حملہ کرنے کی کوشش کی’۔

بیان میں کہا گیا کہ ‘دہشت گرد نے چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی اور ایک گرینیڈ بھی فائر کرنے کی کوشش کی’۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ ‘فوجی اہلکاروں نے الرٹ اور صورت حال کے لیے تیار ہوتے ہوئے مؤثر جواب دینا شروع کیا اور دہشت گرد کا بھرپور جواب دیا’۔

انہوں نے کہا کہ ‘اس کے نتیجے میں دہشت گرد ہلاک ہوگیا اور مارے گئے دہشت گرد کے قبضے سے ہتھیار اور بارود بھی برآمد کرلیا گیا’۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ‘مارے گئے دہشت گرد کی شناخت شریف کے نام سے ہوئی جو سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کے حملوں میں بھرپور انداز میں متحرک تھا’۔

بیان میں کہا گیا کہ ‘مقامی افراد نے سیکیورٹی فورسز کے مؤثر جواب پر خراج تحسین پیش کیا اور علاقے سے دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اظہار کیا’۔

قبل ازیں 6 فروری کو خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں افغانستان سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دہشت گردوں کی جانب سے کی گئی تھی اور فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے پانچ جوان شہید ہو گئے تھے۔

آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ افغانستان کے اندر سے دہشت گردوں نے بین الاقوامی سرحد کے پار ضلع کرم میں پاکستانی فوجیوں پر فائرنگ کی جس کا پاکستانی فوجیوں نے مناسب انداز میں جواب دیا۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق ہمارے فوجیوں کی فائرنگ سے بھی دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔

اس سے قبل سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے علاقے ٹانک میں ڈائل روڈ کے قریب انٹیلی جنس اطلاعات پر مبنی آپریشن میں ایک خودکش بمبار کو ہلاک کردیا تھا۔

آئی ایس پی آر نے ایک بیان میں بتایا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے آپریشن ٹی ٹی پی سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی علاقے میں موجودگی کی مصدقہ خفیہ اطلاعات پر کیا اور بتایا تھا کہ آپریشن کے دوران ایک خودکش حملہ آور مارا گیا۔

ایک اور بیان میں کہا گیا تھاکہ سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے گاؤں سرواکئی میں خفیہ اطلاع پر کارروائی تھی اور کارروائی کے دوران کالعدم ٹی ٹی پی کے ایک دہشت گرد کو گرفتار کیا تھا جس کی شناخت اللہ نور کے نام سے ہوئی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ خفیہ اطلاع کی بنیاد کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود، دھماکا خیز مواد، دیسی ساختہ بم، مارٹر گولے، دستی بم اور مواصلاتی آلات برآمد ہوئے تھے۔

مزید بتایا گیا تھا کہ ایک اور کارروائی جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں کی گئی، جس کے دوران قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے ایم 16 رائفلیں اور گولہ بارود برآمد کر لیا تھا۔

آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ کارروائی کے دوران 4 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا جو اسلحہ اور گولہ بارود درہ آدم خیل لے جارہے تھے۔

منبع: ڈان نیوز

The post سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر خودکش حملہ ناکام بنا دیا appeared first on شفقنا اردو نیوز.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے