English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

آسٹریلین ٹیم 24سال بعد پاکستان پہنچ گئی ، یہاں بالکل محفوظ ہوں ، پیٹ کمنز

القمر

اسلام آباد(جسارت نیوز)آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم نے 24سال بعد خصوصی طیارے کے ذریعے پاکستانی سرزمین پر قدم رکھ دیا۔آسٹریلوی کرکٹ ٹیم خصوصی طیارے سے اسلام آباد پہنچی، پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے مہمان ٹیم کا استقبال کیا۔پاکستان میں دوبارہ بین الاقوامی کرکٹ بحالی کے لیے بگ تھری ممالک میں سے آسٹریلین کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان پر آنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔پیٹ کمنز کی قیادت میں آنے والے35رکنی آسٹریلوی دستے کو سخت سیکورٹی حصار میں ائرپورٹ سے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں پہنچا یا گیا۔کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو نک ہوکلے اور پلئیرز ایسوسی ایشن کے ٹاد گرین برگ بھی پاکستان آئے ہیں۔آسٹریلوی ٹیم 2 روز تک بائیوسیکیورببل میں رہے گی۔مہمان کھلاڑیوں کی آمد پر مقامی ہوٹل میں انکے کرونا ٹیسٹ ہوئے جب کہ آسٹریلوی کرکٹرزکورونا ٹیسٹ منفی آنے پر پریکٹس کریں گے۔آسٹریلیا کے کھلاڑیوں میں پیٹ کمنز (کپتان)، ایشٹن ایگر، اسکاٹ بولینڈ، ایلکس کیری، کیمرون گرین، مارکس ہیرس، جوش ہیزل ووڈ، ٹیوس ہیڈ، جوش انگلیس، عثمان خواجہ، مارنس لوباشانے، نیتھن لیون، مچل مارش، مائیکل نیسر، اسٹیو اسمتھ، مچل اسٹارک، مچل سویپسن اور ڈیوڈ وارنر شامل ہیں۔کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر پیٹ کمنز کی ایک تصویر شیئر کی گئی ہے جس میں انہیں اسلام آباد ائیر پورٹ پر پہنچنے کے بعد خوش گوار موڈ میں دیکھا جا سکتا ہے۔ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے 24سال بعد پاکستان آمد پر کپتان پیٹ کمنز نے کہا ہے کہ پاکستانی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سخت سکیورٹی تسلی بخش ہے۔پاکستان پہنچنے کے بعد ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے آسٹریلوی ٹیسٹ اسکواڈ کے کپتان پیٹ کمنز نے اعلی سطح کے سکیورٹی انتظامات پر کہا کہ یہ کافی تسلی بخش ہے۔ ہم خوش قسمت ہیں کہ اتنی بڑی تعدادا میں اہلکاروں نے ہمیں اپنے گھیرے میں لیا ہوا ہے۔ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز کا کہنا تھا کہ ہم زیادہ وقت ہوٹل میں ہی گزاریں گے لیکن ہم نے انڈیا اور دیگر ایسے مقامات کا دورہ کیا ہے جہاں ہوٹل سے زیادہ باہر نہیں نکلتے، اس لیے ہمیں عادت ہے۔ پاکستان میں کرکٹ کے علاوہ اور کوئی سرگرمی نہیں ہو گی، کھلاڑیوں نے سامان میں تاش اور پلے اسٹیشن رکھے ہیں تاکہ وقت اچھا گزرے، ہم 24سال بعد پہلے دورے سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ کی پاکستان واپسی سے یہاں دورے کرنے سے متعلق رویوں میں تبدیلی آئی ہے۔ہمیں ہمیشہ سے ہی معلوم تھا کہ پاکستان ایک انتہائی بہترین کرکٹ قوم ہے۔پیٹ کمنز نے مزید کہا کہ ہمیں خوش قسمتی محسوس ہو رہی ہے کہ ہمیں یہاں واپس آنے کا موقع ملا ہے جبکہ ایک پوری نسل کو یہاں آ کر ٹیسٹ یا کوئی بھی کرکٹ کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔ پیٹ کمنز نے کہا کہ پاکستان میں سکیورٹی انتظامات بہترین ہیں خود کو محفوظ محسوس کر رہا ہوں،پی سی بی نے ہمارا بہت خیال رکھا، یہاں کے تمام لوگ بہت پروفیشنل ہیں۔انہوں نے کہا کہ بہت زیادہ سیکیورٹی کرکٹ سے توجہ نہیں ہٹائے گی۔آسٹریلوی ٹیم پاکستان میں 3 ٹیسٹ، 3ون ڈے، ایک ٹی20میچ کھیلے گی جب کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ پنڈی میں چار مارچ سے شروع ہوگا۔ علاوہ ازیں ٹیسٹ سیریز میں شامل دوسرا میچ 12 سے 16مارچ کے دوران کراچی میں کھیلا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے