کراچی(اسٹاف رپورٹر ) کراچی بزنس گلڈ کے زیر اہتمام دوسرا چمپیئنز ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ شروع ہوگیا اسلامیہ کلب سولجر بازار میں رنگا رنگ مقابلوں کا افتتاح آرٹس کونسل آف پاکستان کے صدر احمد شاہ نے کیا۔ احمد شاہ کا کہنا تھا کہ منتظمین کی کوشش کے سبب چمپیئنز لیگ ٹیبل ٹینس کے مقابلے کھلاڑی ہمیشہ یار رکھیں گے۔ جس میں بہتر طریقے سے ایونٹ کو منعقد کرنے کے لیے کھلاڑیوں کو مراعات بھی ملیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں بس ضرورت اس امر کی ہے کہ کھلاڑیوں کی سرپرستی کی جائے تاکہ ان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہو۔ کھلاڑیوں کے روزگار کے لیے نجی اور سرکاری ادارے آگے آئیں۔ اس موقع پر سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سینیئر نائب صدر انجنئر سید محفوظ الحق ، اسپورٹس پروموٹر ڈاکٹر اسماء علی شاہ، سابق قومی چمپین عارف خان، کراچی بزنس گلڈ کے سرپرست اعلی فرحان الرحمن اور فراز الرحمن سمیت شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر فواد الرحمن کا کہنا ہے کہ4 روزہ مقابلوں میں مینز اور وومینز چمپیئن سمیت ملک بھر سے 4 ٹیموں میں شامل ٹاپ بہتر کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ جس میں ایک بڑی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔ فاتح ٹیم کو ڈیڑھ لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ پہلے میچ میں آرمی واریئرز نے کراچی فائیٹز کو ایک کے مقابلے میں 14سیٹ سے آؤٹ کلاس کیا۔
