راولپنڈی/اسلام آباد(صباح نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈی جی میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ صرف ہتھیا اور تعداد ہی نہیں بلکہ قوم کا عزم اور مسلح افواج کی آپریشنل تیاریاں بھی دشمن کی جارحیت سے نمٹنے کی ضامن ہیں۔ اتوار کے روز ڈی جی آئی ایس پی آر بابر افتخار کی جانب سے ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ہم آج ’’آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ‘‘ کی تیسری سالگرہ ہے جب پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کی ناکام مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا۔ میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ پاکستان ائر فورس کا 2 بھارتی لڑاکا طیاروں کا مار گرانا ، پاکستان نیوی کا بھارتی آبدوز کو سمندر میں کھوج لگانا اور پاکستان آرمی کا لائن آف کنٹرول پر بھر پور جواب پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں اور پاکستان کی مسلح افواج کے وطن کے دفاع کے لیے بھرپور عزم کااظہار ہے۔ ڈی جی آئی آیس پی آر نے کہا کہ صرف ہتھیا اور تعداد ہی نہیں بلکہ قوم کا عزم اور مسلح افواج کی آپریشنل تیاریاں بھی دشمن کے خلاف کامیابی کے لیے ضروری ہیں۔ علاوہ ازیں آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کی مناسبت سے پاک فضائیہ کا نغمہ جاری کر دیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق جاری کردہ نغمہ پاک فضائیہ نے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے کیا ہے اور یہ نغمہ ملک کے مایہ ناز گلوکار ساحر علی بگا نے گایا ہے۔ ترانے میں 2019 کے فضائی معرکے میں بہادری کی نئی داستان رقم کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا ۔مزید برآںوفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ آج سے تین سال پہلے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کا تاریخی معرکہ وقوع پذیر ہوا، میں خوش قسمت ہوں کہ اس تمام فیصلہ سازی کے مرحلے کا حصہ رہا۔ ٹویٹر پر جاری بیان میں فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ہمارے جانبازوں نے جس طرح پاکستانیوں کا سر فخر سے اونچا کیاوہ تاریخ کا حصہ ہے،وزیر اعظم اور فوجی کمانڈ نے جس طرح قیادت دی وہ کہانی سننے سے تعلق رکھتی ہے۔
