کراچی:پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی وجہ عالمی بحران نہیں بلکہ مسلط نااہلوں کا ٹولا ہے۔گزشتہ ساڑھے 3 سال میں تیل کی قیمتوں میں 65 روپے کا اضافہ کس عالمی بحران کی وجہ سے کیا گیا؟ 95 روپے فی لیٹر ملنے والا پیٹرول 160 روپے فی لیٹر کس عالمی بحران کی تحت ہوا ہے؟
اپنے جاری کردہ بیان میں سینیٹر شیری رحمن نے کہا کہ مہنگائی اور نااہلی پر پردا ڈالنے کے لئے وفاقی وزراء سندھ میں ناکام مارچ کر رہے ہیں، تحریک انصاف کا سندھ میں ناکام مارچ سب نے دیکھ لیا ہے۔ سندھ کے عوام نے تحریک انصاف کو مسترد کر دیا ہے، تحریک انصاف کے ناکام مارچ کے بعد اب وزیراعظم خود میدان میں اتر رہے ہیں۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ صرف رواں مالی سال میں حکومت نے تیل کی قیمتوں میں 12 مرتبہ اضافے کیا ہے، کیا اس کی وجہ بھی عالمی بحران تھی؟ پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی وجہ عالمی بحران نہیں بلکہ مسلط نااہلوں کا ٹولا ہے۔

