English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

روسی مندوب کی ماحولیاتی کانفرنس میں یوکرین پر حملے پر اظہار افسوس

القمر

اقوام متحدہ کی اہم ماحولیاتی کانفرنس میں روسی وفد کے سربراہ نے یوکرین پر اپنے ملک کی جانب سے حملے پر افسوس کا اظہار کیا جس کا ان کے مطابق کوئی جواز نہیں تھا۔

خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی شائع رپورٹ کے مطابق یہ بات اجلاس میں موجود متعدد ذرائع نے بتائی۔

بند کمرے میں ہونے والی اجلاس میں روس کے اولیگ انسیموف کا حیرت انگیز بیان ان کی یوکرینی ہم منصب سویتلانا کراکوفکا کے ایک برہم لائیو بیان کے بعد سامنے آیا، جنہوں نے اپنے ملک کی حالت زار کے بارے میں جذباتی انداز میں گفتگو کی۔

اولیگ انیسیموف نے 195 اقوام کے ورچوئل اختتامی اجلاس میں کہا کہ مجھے اجازت دیں کہ میں ان تمام روسیوں کی جانب سے معذرت کرسکوں جو اس حملے کو روک نہ سکے۔

نصف درجن شرکا کے مطابق جمعے کو اختتام پذیر ہونے والے ان متواتر اجلاسوں کے مندوبین اور مبصرین اتوار کو یکے بعد دیگرے بیانات سے دنگ رہ گئے۔

روسی عہدیدار نے روسی زبان میں مزید کہا کہ جو لوگ دیکھ رہے ہیں کہ کیا ہو رہا ہے وہ یوکرین پر حملے کا کوئی جواز تلاش کرنے میں ناکام رہے۔

بین الحکومتی پینل برائے موسمیاتی تبدیلی نے اولیگ انیسیموف کی جانب سے روسی زبان میں دیے گئے بیان کا انگریزی ترجمہ فراہم کیا، اے ایف پی کو روسی زبان میں اصل بیان تک رسائی حاصل نہیں تھی۔

یوکرین کی سویتلانا کراکوسکا نے اتوار کی صبح کانفرنس سے خطاب کیا تھا، جنہوں نے اپنے ملک پر حملے کے باوجود کام جاری رکھنے کی کوشش کی ۔

انہوں نے انگریزی میں کہا کہ ہم یوکرین میں ہتھیار نہیں ڈالیں گے، اور ہمیں امید ہے کہ دنیا موسمیاتی لحاظ سے پائیدار مستقبل کی تعمیر میں ہتھیار نہیں ڈالے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’انسانوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی موسمیاتی تبدیلی اور یوکرین کے خلاف جنگ کی جڑیں ایک جیسی یعنی فوسل فیول، اور ان پر ہمارا انحصار ہے‘۔

اولیگ انیسیموف کا یہ بیان بہت حیران کن تھا جس میں یوکرینی وفد کے لیے بہت زیادہ تعریف کا اظہار کیا گیا۔

شرکا میں سے ایک نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ ان کے لیے ایک خطرہ موجود ہے، یہ ایک بہت مخلصانہ پیغام تھا۔

اولیگ انیسیموف سے جب اس پرتبصرہ کرنے کے لیے کہا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’میرے بیانات میری ذاتی رائے اور رویے کا اظہار ہیں، اور اسے روسی وفد کے سرکاری بیان کے طور پر نہیں لیا جانا چاہیے‘۔

منبع: ڈان نیوز

The post روسی مندوب کی ماحولیاتی کانفرنس میں یوکرین پر حملے پر اظہار افسوس appeared first on شفقنا اردو نیوز.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے