English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پی ڈی ایم کے لانگ مارچ سے قبل حکمران اقتدار چھوڑنے پر مجبور ہوجائینگے،فضل الرحمٰن

القمر
اسلام آباد: پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے محمود خان اچکزئی ملاقات کررہے ہیں

اسلام آباد‘ڈیر ہ اسماعیل خان(صباح نیوز) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی امیر و پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ 13 فروری 2022ء کا سٹی میئر تحصیل ڈیرہ کاالیکشن جمعیت علمائے اسلام جیت چکی ہے مگرپی ٹی آئی حکومت اور وفاقی وزیر نے ایک دفعہ پھر عوام کے ووٹ پر ڈاکا ڈالا اور الیکشن قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی، حکمران عوام کے مسائل کے حل میں سنجیدہ نہیں، ان کو لانے والے سلیکٹرز بھی اپنے فیصلے پر نالاں نظر آتے ہیں، پی ڈی ایم کے لانگ مارچ سے قبل ہی حکمران اقتدار چھوڑنے پر مجبور ہوںگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں اپنی رہائشگاہ پرسٹی میئر تحصیل ڈیرہ کے جمعیت علمائے اسلام کے نامزد امیدوار کفیل احمد نظامی سے ملاقات میں کیا۔ ملاقات میں ڈیرہ اسماعیل خان کی علاقائی سیاسی و ملکی صورتحال سمیت حالیہ بلدیاتی انتخابات میں علی امین گنڈاپور کے بوگس ووٹ و دھاندلی بھی زیر گفتگو رہی۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ نااہل حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے باعث عالمی سطح پر ملک کی جگ ہنسائی ہورہی ہے، عمرانی ٹولے نے ملک کو آئی ایم ایف کی لونڈی بناکر رکھ دیا ہے، اسٹیٹ بینک سمیت ملک کے اہم اثاثے آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیے گئے ہیں، نت نئے ٹیکسوں اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئے روز اضافے سے مہنگائی کا طوفان برپا کرکے عوام کو خودکشی پر مجبور کردیا جبکہ وزرا کو کرپشن کی کھلی چھوٹ دی گئی ہے، پی ڈی ایم حکومت کیخلاف ہر محاذ پر ڈٹی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو لانے والے سلیکٹرز بھی ان کی حرکتوں اور پالیسیوں سے نالاں ہوچکے ہیں اور پی ڈی ایم کے لانگ مارچ سے قبل ہی حکمرانوں کا بوریا بستر گول ہو جائے گا۔ انہوں نے خیبر پختونخوا اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے ری پولنگ میں وفاقی وزیر علی امین اور حکومت کی جانب سے اربوں روپوں کی انتخابی رشوت کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ سرکاری وسائل اور لوگوں کے ضمیر خریدنے پر الیکشن کمیشن اور دیگر متعلقہ اداروں کی خاموشی ا ور بے بسی افسوسناک اور ملک کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے ،اب حکومت کی جانب سے الیکشن قوانین میں ترامیم کرکے دھاندلی کے راستے کھول دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں بھی جے یو آئی نے پی ٹی آئی کو ناک آئوٹ کیا اور دوسرے مرحلے میں بھی صوبے کے دیگر اضلاع سے پی ٹی آئی کا سیاسی جنازہ نکالیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے