حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حکومت کی جانب سے وفاقی ملازمین کیلیے بڑھائے حالیہ 15 ، DRAکا اطلاق محکمہ بجلی کے ملازمین پر فی الفور کیاجائے،مفادعامہ کے قومی اداروں محکمہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں ، قومی پاور ہائوسوں کی ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کی فرمائش پر نجکاری کا خاتمہ کیاجائے کیونکہ نجکاری ملک و قوم کیساتھ غداری کے مترادف ہے، اس حکومتی عمل کے خلاف 3مارچ بروز جمعرات واپڈا ملازمین ملک گیر احتجاج ریکارڈ کرائیں گے اور ارباب اختیار کو بتادیں گے کہ ادارے کے محنت کش اپنے قومی اداروں کی نیلامی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے کے مرکزی صدر وصوبائی چیئرمین عبداللطیف نظامانی نے لیبر ہال میں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے عہدیداران کے ایک بڑے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری سندھ اقبال احمد خان ، ملک سلطان علی، اعظم خان، محمدحنیف خان، گل نظامانی، نور احمد نظامانی ، سلیم خانزادہ، اللہ ورایو، غلام حیدر ، حافظ عبدالکریم، اسد اللہ کے علاوہ ریجنل ، زونل عہدیداران مرتضیٰ عباسی، ملک روشن، اکرم خان، ایاز گائیچو، سراج بیگ، نور احمد سومرو ، دھرمیندربھی موجود تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قائد مزدور نے مزید کہا کہ ہم نجکاری کے خلاف مسلسل جدوجہد کرتے چلے آرہے ہیں ہمارے کامیاب احتجاج کو دیکھتے ہوئے وفاقی حکومت اور ان کے وزرا نے دوران میٹنگوں میں بارہا یقین دھانی کرائی ہے کہ آپ کے مطالبات پر عمل کیا جائے گا لیکن حکومت ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے فرمائشی پروگرام اور بیرونی امداد کی چکا چوندمیں ہم سے کیے ہوئے وعدوں کی پاسداری سے انحراف کرنا شروع کردیتی ہے اور محکمہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں ، قومی پاور ہائوسوں کو نجکاری کی جانب کارروائی شروع کردیتی ہے جس کے باعث روز بروز ہمارا اعتبار حکومت وقت سے مجروح ہورہا ہے اور ہم سوچنے پر مجبور ہوجاتے ہیں کہ شاید حکومت ہم سے مذاکرات کرکے وقت پاس کررہی ہے لیکن ہم حکومت کو بتادینا چاہتے ہیں کہ واپڈا کے محنت کش اپنے اداروں کی حفاظت کیلیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے کیونکہ یہ ادارے کسی کی ذاتی جاگیر نہیں ہیں بلکہ اس ملک میں بسنے والے عوام کا سرمائیہ ہیں جسکو کسی طور لٹتے ہوئے نہیں دیکھا جاسکتا۔صدر یونین عبداللطیف نظامانی نے مزید کہا کہ ادارے میں نئی بھرتیاں نہ ہونے کے باعث کام کا دبائو شدت اختیار کرچکا ہے ، ملازمین کی چھٹیوں اور اوقات کار پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث ڈپریشن ، ذہنی تنائو کا شکار ہورہے ہیں ، ملازمین کے بچوں کی بھرتیاں بھی بند کی ہوئی ہیں ہمارا مطالبہ ہے کہ مرحوم ملازمین کی کیٹیگری (A,B,C)کے بچوں کی بھرتی ریگولر کی بناء پر کی جائے نہ کہ کنٹریکٹ ، ڈیلی ویجز ، میرج گرانٹ ، تاریخ پیدائش کی درستگی کے کیسز ماہانہ بنیاد پر کی جائے، ملازمین کو ٹریننگ کراکے انکی ترقیاں اور انہیں سیفٹی امور پر آگاہی کے سلسلے کو بہتر بنایا جائے ، فیلڈ اسٹاف کو مٹریل ، ٹی اینڈ پی ، پی پی ای ، گاڑیاں اور بکٹ مائونٹنڈ وہیکل فراہم کی جائیں۔واپڈا کالونیز میں سول ورکس نہ ہونے کے باعث رہائش کے قابل نہیں انکی تعمیر نو اور مرمت کا کام کرایا جائے ، ملک میں بے روزگاری عروج پر ہے جبکہ محکمہ بجلی میں 62ہزار جگہیں خالی ہیں جس میں 20% فیصد کوٹہ ہمارے بچوں کا ہے۔
