English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

معیشت کی بہتری کیلئے ریلیف پیکج احسن اقدام ہے،الطاف میمن

القمر

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد الطاف میمن نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے گزشتہ روز کے قوم سے خطاب اور اس میں اعلان کردہ تمام ریلیف پیکیجز کو تاجر برادری اور عوام پاکستان کے لیے خوش آئند قرار دیا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 100 ڈالر فی بیرل تک بڑھنے کے باوجود عوام کو 10 روپے فی لیٹر پر ریلیف دینا حکومت کا ایک جرأت مندانہ اقدام ہے۔ احساس پروگرام کی رقم بڑھا کر غریب عوام کو مہنگائی کے دور میں جینے کی ایک امید فراہم کی ہے۔ صدر چیمبر نے کہا کہ 14 ہزار گریجویٹس کے لیے 30 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ مقرر کرنا بھی پڑھے لکھے بے روزگار نوجوانوں کے لیے قابل ستائش اقدام ہے اور آئی ٹی سیکٹر کو 100 فیصد ٹیکس کی چھوٹ اور اس کے ساتھ ساتھ صنعت صنعتکاری، برآمدی فروغ، ڈیجیٹلائزیشن اور ملازمت کے مواقع کے لیے گیم چینجنگ پیکجز وزیراعظم کے نمایاں اقدام ہیں، اس کے علاوہ بجلی کے فی یونٹ میں 5 روپے کمی کر کے وزیر اعظم نے تاجر اور عوام دوستی کا ثبوت دیا،ان تمام اقدام سے معیشت جو زوال کا شکار ہے وہ اپنے پائوں پر جلد کھڑی ہوگی جس سے تاجر برادری اور ملک کو فائدہ پہنچے گا اور قومی خزانے میں اس کے بہترین نتائج دیکھنے کو ملیں گے۔ صدر چیمبر محمد الطاف میمن نے کہا کہ تاجر برادی اور عوام ایک طویل عرصے سے حکومت کی جانب سے اِس طرح کے ریلیف پیکجز کا انتظار کر رہے تھے ان تمام اقدام سے تاجر برادری میں حکومت کی پالیسیوں کا مثبت اثر پڑے گا اور تاجر برادری ایک نئی امیدکے ساتھ پاکستان میں اپنے کاروبار کو فروغ دے گی جس سے پاکستان کو خاطر خواہ ریونیو ملے گا اور ملک کا مستقبل تابناک ہوگا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے