اسلا م آباد: مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف اور عوام دونوں کو دھوکہ دے رہی ہے۔ دعا ہے کہ عمران نیازی پٹرول اور بجلی کی قیمت میں اپنے پیکج پرآنے والے دنوں میں یوٹرن نہ لیں ۔
اپنے بیان میںشہبازشریف کا کہنا تھاکہ آئی ایم ایف کو خوش کرنے کے لئے عوام اور عوام کو خوش کرنے کے لئے آئی ایم ایف کو چکر دیا جارہا ہے ۔ ڈوبتی سیاست بچانے کے لئے معاشی، قومی اور عوامی مفادات کو بلی چڑھایا جارہا ہے۔ پٹرول کی قیمت کم ہوئی ہے تو مہنگائی میں کمی کیوں نہیں ہوئی؟ کرایوں میں کمی کون کرائے گا؟ کالی کمائی کرنے والوں پر کرم جبکہ میڈیا اور عوام پر کالے قانون اور سیاہ مہنگائی کا ستم ؟
ان کاکہنا تھا کہ یکم جولائی سے سوئی ناردرن کے لئے 94 اور سوئی سدرن کے لئے 50 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کا امکان حکومتی پیکج کے کھوکھلے پن کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا ایل پی جی کی قیمت میں پہلے ہی 27 روپے فی کلو اضافہ اور گھریلو سلنڈر 319 روپے مہنگا ہونا غریبوں سے ریلیف چھیننا ہے ۔ 43 ماہ میں غیرملکی قرض 47.55 ارب ڈالرز سے تجاوز نے معیشت اور معاشی ماہرین کو ہلا کر رکھ دیا ہے ۔

