اسلام آباد:چیئرمین جسٹس جاوید اقبال کی قیادت میں لاپتہ افراد کیلئے قائم قومی کمیشن نے شاندار کارکردگی کی بدولت 28فروری 2022 تک6214کیسز نمٹا دیئے۔
لاپتہ افراد کمیشن کے سیکرٹری کی جانب سے فروری2022 کی جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق جنوری 2022تک لاپتہ افراد کے لئے قائم کمیشن کو 8415کیسز موصول ہوئے جبکہ فروری 2022کے دوران48نئے کیس لاپتہ افراد کیلئے قائم قومی کمیشن کو موصول ہوئے جس کے بعد لاپتہ ہونے والے افراد سے متعلق کیسز کی تعداد مجموعی طور پر 8463 ہوگئی۔ جن میں سے لاپتہ افراد کیلئے قائم قومی کمیشن نے28فروری 2022 تک6214 لاپتہ افراد کے کیسز نمٹا دیئے ہیں اور اس وقت لاپتہ افراد کی تعداد 2249ہے۔
قومی کمیشن نے فروری2022 کے دوران 606 سماعتیں کیں جن میں سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 258کراچی میں 151جبکہ کوئٹہ میں 197سماعتیں شامل ہیں۔ لاپتہ افراد کے قومی کمیشن کی طرف سے 28فروری 2022 تک6214 لاپتہ افراد کے کیسز نمٹانے اور ان کی بحفا ظت گھروں کو واپسی یقینی بنانے کے لئے قومی کمیشن کے چیئرمین جناب جسٹس جاوید اقبال اورلاپتہ افراد کے قومی کمیشن کے دیگر معززممبران نے نہ صرف لاپتہ فرد کی فیملیز کا موقف سنا بلکہ ان کی جلد از جلد بازیابی کے لئے کوششیں بھی کیں جس پر لاپتہ افراد کے لواحقین نے چیئرمین جناب جسٹس جاوید اقبال اور لاپتہ افراد کے لئے قائم کمیشن کے دیگر معزز ممبران کی کوششوں کو سراہا۔واضح رہے کہ لاپتہ افراد کے کمیشن کے چیئرمین کی حیثیت سے جسٹس جاوید اقبال اپنے عہدے کی تنخواہ نہیں لیتے اورنہ ہی سرکاری وسائل استعمال کرتے ہیں بلکہ لاپتہ افراد کے قومی کمیشن کے صدر کی حیثیت سے کام کرنے کواپنا قومی فریضہ سمجھتے ہیں۔

