سانگھڑ(نمائندہ جسارت) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان جرأت مند حکمراں ہیں ان کی فکر پاکستان اور اسکی عوام ہیں وہ کبھی ملک کی خود مختاری پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر بندر گاہ و جہاز رانی علی زید ی اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کی قیادت میں گھوٹکی تا کراچی نکالے جانے والا پی ٹی آئی کا حقوق سندھ مارچ بدھ کو سانگھڑ پہنچا تو اسکا فقید المثال استقبال کیا گیا پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور وزیر اعظم عمران خان کی حمایت میں نعرے لگائے گئے ۔اس موقع پر سانگھر پریس کلب کے سامنے ایک بڑا جلسہ عام منعقد ہوا جس میں پی ٹی آئی کے ورکرز اور غوثیہ جماعتوں کے مریدوں کے علاوہ ہزاروں کی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہو ئے شاہ محمود قریشی نے کہاکہ سندھ میں تبدیلی آرہی ہے اب پیپلز پارٹی کو دھاندلی نہیں کرنے دی جائے گی، انہوں نے کہاکہ پاکستان میں اب ایسا وزیر اعظم ہے جس کو ہر لمحہ فکر پاکستان اور اس کی عوام کی ہے انہوں نے کہاکہ عمران خان نے اپنا فلسفہ دو لفظوں میں بیان کردیا ہے امریکا نے پاکستان سے فوجی اڈے مانگے تو وزیر اعظم عمران خان نے دو ٹوک انکار کردیا اور پاکستان کی خود مختاری پر آنچ نہیں آنے دی وہ جرأت مند حکمراں ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کے پی کے میں عمران خان کی حکومت نے جو ترقیاتی و فلاحی کام کرائے اسکا دوسرے انتخابات میں بھی پھل ملا ،پنجاب میں بھی پی ٹی آئی کی حکومت کامیابی سے چل رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مجھ فخر ہے کہ سانگھڑ میں پیر صاحب پگارا کے مریدوں نے بھی میرا استقبال کیا ہے۔انہوں نے سانگھڑ کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ کیا آپ سندھ کے حالات سے مطمئن ہیں تو انہوں نے کہا نہیں ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہم سندھ کے عوام کے مسائل کریں گے اور سندھ کو خوشحال بنائیں گے ۔ اس مو قع پر و فاقی وزیر علی حیدر زیدی نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ سندھ میں عوام کی حقیقی حکومت قائم کی جائے آئندہ حکومت پی ٹی آئی کی ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد عمران خان کی قیادت میں زرداری ٹولہ سے جان چھڑائیں گے ۔جلسہ سے دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا ۔
