مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں نقاب پوش مزاحمت کاروں نے پیٹرول بم سے حملے کرکے فوجی جیپ کو آگ لگادی۔ نابلس کے علاقے برقہ میں جھڑپوں کے دوران نوجوان احمد حکمت سیف ران پیٹ اور کمر میں 3 گولیاں لگنے سے زخمی ہوگیا۔ اسے کو نجاح اسپتال لے جایا گیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔ادھر اسرائیلی بلدیہ نے رملہ میں فلسطینیوں کا ایک تجارتی مرکز تباہ کر دیا۔ بلدیہ کی جانب سے بہانہ بنایا گیا کہ مواصلاتی نظام کے لیے تار بچھانے اور سڑکوں کی مرمت کے لیے مرکز کو گرایا جا رہا ہے۔ مقامی فلسطینی ابراہیم بدویہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بلڈوزر وں نے مواصلاتی ادارے کے قیام کے نام پر 35 سال سے قائم ہمارے کاروبار کو نقصان پہنچایا ہے۔ ابتدائی طور پر 3دکانوں کو نقصان پہنچایا اور پھر پورا مرکز منہدم کر دیا گیا۔ اس دوران دکان داروں کو اپنا سامان تک اٹھانے کی مہلت نہیں دی گئی۔ دوسری جانب جنین میں گرفتاریوں کے کمانڈوآپریشن کیا ۔ اس دوران اسرائیلی حراست میں موجود عمر اور غیث جرادات کے مکان کو مسمار کردیا گیا۔
