اسلام آباد(صباح نیوز+آن لائن)پاک بحریہ نے جاسوسی کے لیے آنے والی بھارتی جدید ترین آبدوز کی پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنادی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق پاک بحریہ کے اینٹی سب میرین وارفیئریونٹ نے جدید کیلوری کلاس آبدوز کا سراغ لگایا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ پاکستان نیوی اینٹی سب میرین وارفیئریونٹ نییکم مارچ کو کلوری کلاس کی بھارتی آبدوز کو روکا اور ٹریک کیا تھا۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق موجودہ سیکورٹی ماحول اور پاک بحریہ کی جاری مشق سی سپارک 2022ء کے دوران یہ اہم واقعہ ہے،بھارتی آبدوز پاکستان میری ٹائم زون میں جاسوسی اور مشق سے متعلق معلومات اکٹھا کرنے کے لیے آئی تھی۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ حالیہ واقعہ گزشتہ5برس میں چوتھی بار پیش آیا ہے جسے پاک بحریہ نے ایک بار پھر مسلسل چوکنا رہ کر پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ بھارتی آبدوز کی پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہونے کی کوشش کو ناکام بنایا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ پاک بحریہ کی صلاحیت اور پاکستان کی سمندری سرحدوں کے دفاع کے عزم کا عکاس ہے۔علاوہ ازیںوفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پڑوسی ملک کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارت ہمارے پانیوں میں آئے گا تو پھر کسی قسم کا گلہ نہ کرے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے گہرے پانیوں میں5ویںبار مداخلت کرنے کی کوشش کی ہے، گزشتہ برس کوشش کی تھی تو سب میرین کو پکڑ لیا تھا لیکن مارا نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم پرامن قوم ہیں اس لیے ہم نے بھارت کو وارننگ دے کر چھوڑ دیا تھا، کل بھی ہم نے ان کو متنبہ کیا کہ لیکن ہر چیز کا ایک وقت ہوتا ہے ’’ انف ازانف‘‘ ہماری طرف سے یہ آخری وارننگ تھی اور اگر اب بھارت ہمارے پانیوں میں آئے تو ہم سے گلہ نہ کرے۔ وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ ہماری عظیم فوج ہے اور ہماری پاکستانی بحریہ کا عظیم جذبہ ہے، کوئی پاکستان کی بری، بحری اور فضائی حدود کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔
