
راولپنڈی(سید وزیر علی قادری) 24سا ل بعد پاکستانی سر زمین پرہونے والے پہلے پاک آسٹریلیا ٹیسٹ میچ کا افتتاحی روز پاکستانی بلے بازوں کے نام رہا ، قومی ٹیم نے کھیل کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 245رنز بنا لئے ۔ پاکستانی بیٹر امام الحق نے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی سنچری بنا ڈالی،امام الحق 132 رنزاور اظہر علی 64رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں ۔ جمعہ کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کر نے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا ۔پاکستان کی جانب سے اوپنر بیٹر امام الحق اور عبد اللہ شفیق نے کھیل کا شانداز آغاز کرتے ہوئے 105رنز کی شراکت قائم کی ۔ قومی ٹیم کا پہلا نقصان 105رنز پر اس وقت ہوا جب عبداللہ شفیق چھکا لگانے کی کوشش میں ناتھن لیون کی گیند پر پیٹ کمنز کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو ئے۔ انہوں نے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستانی بیٹر عبد اللہ شفیق کے آئوٹ ہونے کے بعد امام الحق کاساتھ دینے کیلئے تجربہ کار بیٹر اظہر علی میدان میں آئے جس کے بعد دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور آگے بڑھایا ۔چائے کے وقفے تک پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 171 رنز بنالئے تھے اورامام الحق نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری مکمل کرلی۔ 200 گیندوں پر بننے والی سنچری میں 2 چھکے اور 13 چوکے شامل ہیں، پاکستانی بیٹر اظہر علی نے بھی 113 گیندوں پر ففٹی بنائی جس میں ایک چھکا اور 4 چوکے شامل تھے۔پاکستانی ٹیم نے پہلے روز کھیل کے اختتام پر 245رنز بنا لئے ، پاکستان کی جانب سے بیٹر امام الحق 132رنز اور اظہر علی 64رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں ۔ امام الحق کی اننگز میں 15چوکے اور 2 چھکے جبکہ اظہر علی کی اننگز میں ایک چھکا اور 4 چوکے شامل تھے ۔ایک موقع پر آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے امام الحق کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی پر جوش اپیل کی جسے فیلڈ امپائر کی جانب سے مسترد کردیا گیا تاہم مہمان کپتان نے اپیل پر ری ویو لیا جسے تھرڈ امپائر نے بھی ٹیکنالوجی کی مدد سے مسترد کردیا اور یوں مہمان ٹیم اننگز میں دستیاب 3 میں سے ایک ری ویو سے ہاتھ دھو بیٹھی۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے امپائرنگ کے فرائض علیم ڈار اور احسن رضا نے انجام دیئے جبکہ آصف یعقوب ٹی وی امپائر تھے۔ پاکستان کی پلیئنگ الیون میں کپتان بابر اعظم، امام الحق، عبداللہ شفیق، اظہر علی، فواد عالم، افتخار احمد، محمد رضوان)وکٹ کیپر)، نعمان علی، ساجد خان، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ جبکہ آسٹریلیا کی پلیئنگ الیون: کپتان پیٹ کمنز، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنس لبھوشینگ، سٹیو سمتھ، ٹریوس ہیڈ، کیمرون گرین، ایلکس گرے، مچل اسٹارک، نیتھن لیون اور جوش ہیزل ووڈ شامل ہیں ۔
