English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پاکستان کی مقبوضہ کشمیر میں حریت کانفرنس کے وائس چیئرمین کی گرفتاری کی مذمت

القمر

پاکستان نے مقبوضہ جموں اور کشمیر میں حریت کانفرنس کے وائس چیئرمین غلام احمد ڈار کی گرفتاری کی شدید مذمت کردی۔

دفترخارجہ کے ترجمان عاصم افتخار کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ‘حریت کانفرنس کے وائس چیئرمین غلام احمد ڈار کو وحشیانہ قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت بزدلانہ گرفتاری کی پاکستان شدید مذمت کرتا ہے’۔

بیان میں کہا گیا کہ ‘حریت رہنماؤں، سیاسی کارکنوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور سول سوسائٹی کے اراکین کی ظالمانہ گرفتاریاں واضح طور پر منصوبہ بندی کے تحت عائد کیے جانے والے الزامات ہیں’۔

انہوں نے کہا کہ ‘اس سے بھارت کی بوکھلاہٹ کا اظہار ہوتا ہے جہاں قابض فورسز کے ظلم و ستم کے باوجود اور حملوں کے باوجود کشمیر کے عوام کی جانب سے اپنے حق کے لیے جدوجہد جاری ہے’۔

دفترخارجہ نے کہا کہ ‘آسیہ اندرانی، شبیر احمد شاہ، یاسین ملک اور مسرت عالم بھٹ سمیت تقریباً تمام کشمیری قیادت بھارت کے پرہجوم جیلوں میں قید ہیں یا خودساختہ جرائم پر نظربند ہیں’۔

بیان میں کہا گیا کہ ‘حریت رہنماؤں اور سیاسی کارکنوں کو ہندوتوا سے متاثرہ آر ایس ایس-بی جے پی کی جانب سے مسلسل نشانہ بنایا جانا اور ظالمانہ قانون کے تحت بے بنیاد الزامات اور جھوٹ پر مبنی جرائم پر ان کی گرفتاریاں اقوام متحدہ کے چارٹر، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کی قراردادوں، بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے’۔

دفترخارجہ نے کہا کہ ‘بدقسمتی سے بھارت کی قابض فورسز کو کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور تحریک حریت جموں اور کشمیر کے چیئرمین اشرف صحرائی کی موت کا حساب دینا ہے، جن کو گزشتہ برس ظالمانہ پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقبوضہ جموں اور کشمیر میں گرفتار کیا گیا تھا’۔

حریت رہنما اشرف صحرائی کے دوران حراست انتقال پر بیان میں کہا گیا کہ انہیں ظالمانہ قانون کے تحت گرفتاری کے بعد خراب صحت کے باوجود ان کو دم توڑنے تک حراست میں رکھا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ بھارت کو یاد رکھنا چاہیے کہ منظم مظالم، فورسز کا بے دردی سے استعمال اور کشمیری قیادت کے خلاف سفاکانہ رویے سے نہ تو کشمیریوں اور کشمیری قیادت کو دبایا جاسکتا ہے اور نہ ہی دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں حالات معمول کے مطابق ہونے اور دہشت گردی سے خود متاثر ہونے کے جھوٹے دعووں سے یقین دلاجا سکتا ہے۔

دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بھارت کو مقبوضہ جموں اور کشمیر میں ریاستی دہشت گردی سے باز رکھے اور غلام احمد ڈار سمیت ظالمانہ طور پر گرفتار کشمیری قیادت اور کارکنوں کو رہا کیا جائے۔

منبع: ڈان نیوز

The post پاکستان کی مقبوضہ کشمیر میں حریت کانفرنس کے وائس چیئرمین کی گرفتاری کی مذمت appeared first on شفقنا اردو نیوز.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے