یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے امریکی قانون سازوں پر زور دیا ہے کہ وہ ان کے ملک پر نو فلائی زون کی حمایت کریں یا یوکرین کو مزید طیارے فراہم کریں۔
روس کے یوکرین پر حملے کے حوالے سے امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی سے ٹیلی فون کے ذریعے رابطہ کیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے ذرائع کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن اور یوکرینی صدر زیلنسکی کے درمیان 30 منٹ تک بات ہوئی ہے۔
زیلنکسی کی امریکی صدر جو بائیڈن سے بات چیت میں سیکیورٹی اور معاشی تعاون سے متعلق تبادلۂ خیال ہوا۔
یوکرینی صدر نے یہ بھی بتایا ہے کہ امریکی صدر سے بات چیت میں روس کے خلاف مزید پابندیوں پر بھی گفتگو ہوئی ہے۔
زیلنسکی نے طیاروں، ڈرونز اور طیارہ شکن میزائلوں سمیت مزید فوجی امداد کی درخواست کی ہے۔
دوسری جانب نیٹو نے زیلنسکی کی اپنے ملک پر نو فلائی زون نافذ کرنے کی اپیل کی مزاحمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے تنازعہ بڑھے گا لیکن امریکی کانگریس یوکرین کو ہنگامی فوجی اور انسانی امداد کی مد میں دس ارب ڈالر فراہم کرنے پر متفق ہے۔
زیلنسکی نے روس کے خلاف پابندیاں عائد کرنے پر امریکیوں کا شکریہ ادا کیا لیکن کہا کہ ماسکو کی تیل کی برآمدات پر پابندی عائد کی جائے۔
زیلنسکی نے ایک تازہ بیان میں کہا ہے کہ روسی فوجیں یوکرین کے بندرگاہی شہر اوڈیسا پر حملہ کرنے کی تیاری کر رہی ہیں۔
