پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جہانگیر ترین گروپ نے اعلان کیا ہے کہ مائنس بزدار (وزیر اعلیٰ پنجاب) پر حکومت سے بات آگے بڑھے گی۔
لاہور میں ترین گروپ کا ہنگامی اجلاس رکن عون چوہدری کی رہائشگاہ پر ہوا جس میں جہانگیر ترین نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، اجلاس میں سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔
اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس کرتے ہوئے گروپ کے رکن نعمان لنگڑیال نے کہا کہ اجلاس میں ہماری پانچ رکنی کمیٹی کو وفاقی وزیر پرویز خٹک کا پیغام پہنچا جس پر ہم نے مشاورت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم جہانگیر ترین کی قیادت میں متحد ہیں، گروپ نے تمام فیصلوں کا اختیار جہانگیر ترین کو دے دیا ہے، وہ جو فیصلہ کریں گے سب کو قبول ہوگا لیکن گروپ کا ہر ایک رکن اس بات پر متفق ہے کہ مائنس بزدار پر حکومت سے بات آگے بڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ علیم خان کل ہی ہمارے گروپ میں شامل ہوئے ہیں، انہیں بتایا ہے کہ وہ جہانگیر ترین کے فیصلوں کے پابند ہوں گے، تمام اختیارات جہانگیر ترین کے پاس ہیں اور ان کے فیصلے سے کسی کو اختلاف نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم مینڈیٹ لے کر آئے ہیں، ہم قوم اور پی ٹی آئی کے لیے اچھا سوچ رہے ہیں، گروپ میں کوئی بغاوت اور کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔
نعمان لنگڑیال نے کہا کہ ہمارے ساتھ مختلف سیاسی جماعتوں نے رابطہ کیا ہے، جو جماعتیں ہم سے رابطے میں ہیں ان کے معاملات دیکھ رہے ہیں اور رابطے جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کل بھی ہمارا اہم اجلاس ہے جس میں ہم موجودہ حالات اور بدلتی ہوئی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل کے فیصلے کریں گے۔
منبع: ڈان نیوز
The post تمام فیصلوں کا اختیار جہانگیر ترین کو دیا ہے، مائنس بزدار پر حکومت سے بات آگے بڑھے گی appeared first on شفقنا اردو نیوز.