English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پی ٹی آئی بِکنے اور بَکنے والے افراد کا سیاسی گھیراؤ کرے گی، شیخ رشید

القمر

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ 18ویں ترمیم میں تمام جماعتوں نے ہارس ٹریڈنگ روکنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اسپیکر کو اختیار دیا تھا کہ وہ ’فلور کراسنگ‘ کرنے والے کسی بھی رکن قومی اسمبلی کو نا اہل قرار دے سکتے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 23 سے 30 مارچ کا ہفتہ بہت اہم ہے، میں ہمیشہ سے کہتا ہوں کہ اپوزیشن اپنا شوق پورا کرلیں، عمران خان جیتنے جارہے ہیں، اسپیکر کے پاس فلور کراسنگ کرنے والوں کو نااہل قرار دینے کے اختیارات ہیں، 18 ترمیم میں تمام سیاسی جماعتوں نے ہارس ٹریڈنگ روکنے کا فیصلہ کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ 18 ترمیم میں ہارس ٹریڈنگ کو روکنے کے لیے اسپیکر کو اختیارات دیے گئے تھے اور اسپیکر کے اختیارات کو کوئی چیلنج نہیں کرسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو تحریک عدم اعتماد کے لیے انہیں 172 ووٹ لازمی لانے پڑیں گے اور پی ٹی آئی کے لوگ بکنے اور بَکنے کے عمل میں شامل افراد کا سیاسی گھیراؤ کریں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ انہوں نے اپیل کی ہے کہ پی ٹی آئی کے تمام اراکین اسمبلی ووٹنگ کے روز اسمبلی کے باہر ہوں گے اور جیتنے کے بعد ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان اور احتساب کے خوف نے ان تینوں کو اکھٹا کیا ہے، یہ تینوں ایک دوسرے کے خلاف تھے، آج جو بولیاں لگ رہی ہیں مجھے یقین ہے کہ ان بولیوں کو ٹھکرایا جائے گا اور یہ لوگ عوامی و سیاسی گھیراؤ اور احتساب کے دائرے میں آئیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلاول کی ریلی مایوس کُن تھی ریلی میں لوگوں سے زیادہ ہماری سیکیورٹی تھی، لیکن ان کا اسلام آباد آنا اچھا ثابت ہوا، انہوں نے عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد دائر کی جو عمران خان کے لیے تحریک اطمینان ثابت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ 23 اور 24 مارچ کو او آئی سی کے اجلاس کے سبب اسمبلی کا اجلاس منعقد نہیں کیا جاسکتا ہے، انشااللہ یکم اپریل کو انہیں اپریل فول بنایا جائے گا۔

ان تینوں جماعتوں کا انجمن مفاد باہمی اپنی ذات ہے اور انہیں عمران خان کے احتساب کا ڈر ہے، اب آپ کہہ رہے ہیں ایمپائر غیر جانبدار ہے، جب آپ نے ہارجائیں تو بھی آپ نے یہ ہی کہنا ہے کہ ایمپائر نیوٹرل تھا، کسی تھرڈ ایمپائر کا نیا کھاتا نہ کھول دینا۔

کورین سفارت خانے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہم نے پولیس کے سفارتخانے میں زبردستی داخل ہونے پر ان سے معافی مانگی ہے، ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا، ہمارا کام سفارتخانوں کو سیکیورٹی فراہم کرنا ہے۔

عمران خان کے جلسے میں نیٹو کے خلاف خطاب سے متعلق شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو اپنے جلسوں میں عوام کے سامنے خارجہ پالیسی رکھا کرتے تھے، عمران خان نے بھی ایسا ہی کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی سامراجی سوچ ہے جبکہ پاکستانی عوام کی یہ سوچ نہیں ہے، ہماری معیشت خراب ہی سہی، ہم تمام عالمی طاقتوں سے اچھے تعلقات رکھنا چاہتے ہیں۔

اتحادیوں کے حوالے سے وزیر داخلہ نے ایم کیو ایم اور پیر پگاڑا پر اعتماد جبکہ پنجاب کی سیاست پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیر پگاڑا کے ساتھ سیگار کا رشتہ ہے اور یہ رشتہ بہت مضبوط ہوتا ہے، جبکہ ایم کیو ایم کے ساتھ بھی بہت پرانا تعلق ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام پولیس اسٹیشنز میں کیمرے لگانے کے ساتھ پولیس اہلکاروں کو ٹرانسپورٹ فراہم کی ہے کیونکہ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اگلی بار کارکردگی ایوارڈ میں ہمیں پہلا نمبر دیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ 12 مارچ کو ہم بلوچستان میں بھی وراثتی سرٹیفیکیٹ دینے جارہے ہیں، اسی طرح آزاد کشمیر میں بھی وراثتی سرٹیفیکٹ دیے جائیں گے۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ وہ اندرون سندھ 86 آئی ڈی کارڈ اور پاسپورٹ آفسز کا افتتاح خود کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسی ماہ عمران خان ای پاسپورٹ کا افتتاح کریں گے، آن لائن ویزے بھی فراہم کیے جارہے ہیں، ہمارے پاس کوئی ویزا تاخیر کا شکار نہیں ہیں۔

منبع: ڈان نیوز

The post پی ٹی آئی بِکنے اور بَکنے والے افراد کا سیاسی گھیراؤ کرے گی، شیخ رشید appeared first on شفقنا اردو نیوز.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے