English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

فیس بک لائیو کھلی کچہری عوامی مسائل کا حل لاہور

القمر

مسافر ریلوے کے مالک ہیں، ان کے ساتھ ناروا سلوک کرنے والوں کو گھر بھیج دیں گے۔ پسنجر اور تاجر برادری کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے دن رات کوشاں ہیں۔ اپنے وسائل میں رہتے ہوئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ سہولیات میں اضافہ ممکن ہو سکے۔ بند ٹرینوں کو مرحلہ وار بحال کیا جائے گا۔ دھماکہ ایکسپریس کی بحالی پر کام جاری ہے، جلد خوشخبری دیں گے۔ اگلے چند روز میں پنشن کی ادائیگی شروع ہو جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے ظفر زمان رانجھا نے آج ریلوے ہیڈکواٹرز آفس لاہور میں فیس بک لائیو کھلی کچہری میں عام لوگوں اور ریلوے ملازمین کے ریلوے سے متعلق مسائل اور ضروریات کے بارے میں سنتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر متعلقہ شعبہ کے افسران بھی موجود رہے۔ اس کھلی کچہری کا انعقاد وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے احکامات اور وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی کی خصوصی ہدایت پر کیاگیا۔

عوام الناس نے چیف ایگزیکٹوآفیسر پاکستان ریلوے کو مختلف سیکشنوں پر مزید مسافر ٹرینیں چلانے اورنئے سٹاپ دینے، مزیدکوچز لگانے اور مختلف اسٹیشنوں پر سہولیات کی فراہمی جیسے مسائل حل کرنے کی درخواست کی۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر نے سٹاپجز دینے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جہاں پر ضرورت ہوتی ہے وہاں آمدن کو دیکھتے ہوئے ضرور سٹاپ دیئے جاتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں سی ای او نے کہا کہ ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کی سہولت کے لیے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیفٹی اور پنکچوئلٹی ہماری ترجیحات ہیں، ان پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔ سی ای او نے کہا کہ قبضہ مافیا کے خلاف ریلوے کی کارروائیاں جاری ہیں، سرکار کی ایک ایک انچ زمین واگزار کروا کر ہی دم لیں گے۔

ای کھلی کچہری میں ریلوے ملازمین نے چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز ظفر زمان رانجھا کو محکمانہ پروموشن ، گریجویٹی/پنشن کی رقم کی ادائیگی، ریلوے میں ٹی ایل اے اور پی ایم پیکج کی ریگولائزیشن سمیت دیگر مسائل سامنے رکھے۔

ریلوے ملازمین کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریلوے ملازمین سروس معاملات کو متعلقہ ڈی ایسز کے ذریعے درخواست دے کر حل کروا سکتے ہیں۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا کہ اس فیس بک لائیوکھلی کچہری کا بنیادی مقصد پاکستان ریلوے اور عوام کے درمیان رابطہ قائم کرنا اور ان کے مسائل کے فوری حل کو یقینی بناناہے۔ ہماری پوری کوشش ہے کہ آپ کی جائز شکایات دور ہوں اور آپ کی تجاویز پر عمل ہو تاکہ ریلوے میں بہتری آسکے اور آپ کو ریلوے کے ذریعے مزیدسہولیات بھی میسر آسکیں۔

فیس بک لائیو کھلی کچہری دن 11 بجے سے دوپہر 1 بجے تک جاری رہی جس میں ہزاروں لوگوں نے چیف ایگزیکٹو آفیسر سے سوالات کیے اور شکایات بیان کیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے