English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

شہباز شریف نے 5 سال کیلئے ”مائنس پی ٹی آئی نیشنل گورنمنٹ” کی تجویز دیدی

القمر

اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے پانچ سال تک کیلئے پاکستان میں ”مائنس پی ٹی آئی نیشنل گورنمنٹ” کی تجویز دیدی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک” کے میزبان حامد میر کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قومی حکومت پانچ سال کیلئے سر جوڑ کر ملک وقوم کی خدمت کرے لیکن عمران خان کی پی ٹی آئی سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میری اپنی پارٹی میں یہ رائے ہوگی کہ ہمیں تحریک انصاف کے علاوہ ایک قومی حکومت بنانی چاہیے۔ جو پانچ سال مل کر، سر جوڑ کر، شبانہ روز، اخلاص کیساتھ خون پسینہ بہائے اور ملک کی عوام کی خدمت کرے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اس کے بعد ایک سٹیج سیٹ ہو جائے گی۔ اس پر حامد میر نے ان سے سوال کیا کہ آپ نیشنل گورنمنٹ بنانا چاہتے ہیں تو پی ٹی آئی کے بغیر کیسے بنے گی؟

اس کا جواب دیتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے جو کچھ کیا ہے۔ ملک میں جو زہر گھولا ہے۔ ہم یہ گند اگر صاف کرنے کیلئے سالوں بھی لگائیں تو یہ آسانی سے نہیں دھلے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس لئے میں سمجھتا ہوں کہ عمران خان کی پی ٹی آئی کیساتھ ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے۔ یہ انٹرویو جیو نیوز پر آج رات نشر کیا جائے گا۔

حامد میر نے اس انٹرویو کے حوالے سے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ آمد بہار کا نوشتہ دیوار یا کسی ادھوری خواہش کا اظہار ؟ پاکستان کا مستقبل نئی قومی حکومت سے وابستہ ہے یا عمران خان کی حکومت برقرار رہے گی؟ پرویز الٰہی اور شہباز شریف کتنی دور ساتھ چلیں گے؟ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمد شہباز شریف سے خصوصی انٹرویو۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے