پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کے راولپنڈی میں ہونے والے تمام میچز لاہور منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی میں ہونے والے چاروں میچز لاہور منتقل کردیے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ پولیس کی بھاری نفری آسٹریلین ٹیم کی حفاظت پر مامور تھی لیکن اب میچز کی منتقلی کے بعد ہماری نفری کی شہر میں نفری کی تعداد بڑھ جائے گی۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کے تمام محدود اوورز کے میچز کی میزبانی راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کو کرنی تھی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان 29 ، 31 مارچ اور 2 اپریل کو ون ڈے میچز کے ساتھ ساتھ 5 اپریل کو واحد ٹی20 میچ بھی راولپنڈی میں کھیلا جانا تھا۔
’24 مارچ سے چار اپریل تک پاکستانی تاریخ کے گہما گہمی کے دن ہیں‘
شیخ رشید نے کہا کہ 24 مارچ سے لے کر تین چار تاریخ تک 10 دن اہم ہیں اور یہ پاکستان کی سیاسی تاریخ کے بہت گما گہمی کے دن ہیں، اس لیے ہم نے پہلے ایک ہزار رینجرز اور ایف سی بلائی تھی لیکن اب ہم نے دو ہزار رینجرز کو طلب کیا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ ہمیں پورا یقین ہے کہ پانچ تاریخ کو آنے والی اپوزیشن وہ بھی اپنا جلسہ کرے گی اور 27تاریخ کو وزیراعظم عمران خان کی ریلی بھی بھرپور طریقے سے ہو گی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم پر سیکیورٹی کی بہت ذمے داریاں ہیں، 21 سے 24 تک ہم نے چھٹیوں کا اعلان کیا ہے اور 23 مارچ کو پاک افواج کی تاریخی پریڈ ہے، اس میں پوری قوم شرکت کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 232 سے لے کر 237 تک میری ذاتی رائے تھی کہ جو کچھ سندھ گورنر ہاؤس میں ہو رہا ہے، جو خرید و فروخت اور لین دین ہو رہا ہے، جس طرح اراکین کو وہاں رکھا جا رہا ہے تو میں سندھ میں گورنر راج لگانے کا حامی تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج میں نے گورنر راج لگانے کی سمری وزیراعظم کو پیش کی لیکن اس پر کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا، ابھی بہت دن ہیں اور مجھے لگ رہا ہے کہ حالات ایک دو دن پہلے جتنے تلخی پر پہنچ گئے تھے، وہ کچھ بہتری کی طرف آ رہے ہیں۔
شیخ رشید احمد نے تحریک انصاف کے منحرف اراکین سے واپس آنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے آئینی اور قانونی صورتحال کے بارے میں وزیر اطلاعات بتائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی کمیٹی میں فیصلہ ہوا ہے کہ فواد چوہدری 63(اے)(1) اور دیگر دفعات کی تشریح کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے، جس طرح سے آصف زرداری نے اراکین کو اسمبلی میں آنے کے لیے خط لکھا ہے بالکل اسی طرح عمران خان نے بھی انہیں خط لکھ کر کہا ہے کہ وہ جس دن اجلاس ہو، اس دن وہ اسمبلی میں نہ آئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں کے جلسوں کے حوالے سے دونوں فریقین باہمی افہام و تفہیم سے راستوں اور جلسہ گاہ کا تعین کر لیں جبکہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو بھی ہدایت کی ہے کہ اپوزیشن اور پی ٹی آئی کی مقامی قیادت سے مل کر الگ الگ جلسے اور راستوں کا تعین کریں کیونکہ جمہوریت میں تصادم کی گنجائش نہیں ہے۔
منبع: ڈان نیوز
The post راولپنڈی میں ہونے والے پاک-آسٹریلیا سیریز کے تمام میچز لاہور منتقل appeared first on شفقنا اردو نیوز.
